جمعرات, مئی 16, 2024
اشتہار

عامر خان کی ڈیپ فیک ویڈیو کس نے بنائی؟ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا

اشتہار

حیرت انگیز

پولیس نے بالی وڈ سپر اسٹار عامر خان کی ڈیپ فیک ویڈیو بنانے والے نامعلوم فرد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک اہلکار نے بتایا کہ ممبئی پولیس نے عامر خان کی ڈیپ فیک ویڈیو کے سلسلے میں ایک نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے، مسٹر پرفیکشنسٹ اس ویڈیو میں مبینہ طور پر ایک سیاسی جماعت کی حمایت کرتے نظر آرہے ہیں۔

عہدیدار نے بتایا کہ عامر خان کے آفس کی جانب سے شکایات کے بعد تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت کھر پولیس اسٹیشن میں بدھ کو ایف آئی آر کا اندراج ہوا، جس میں دھوکہ دہی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔

- Advertisement -

27 سیکنڈ کے اس کلپ کو مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کا استعمال کرتے ہوئے ایڈیٹ کیا گیا ہے، عامر خان کو اس ویڈیو میں بیان بازی سے دور رہنے کی بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ڈیپ فیک ویڈیو میں اداکار کو مبینہ طور پر ان کے ٹیلی ویژن شو ستیہ میو جیتے کی ایک دہائی پرانی قسط کے ایک منظر میں دکھایا گیا ہے۔

منگل کو عامر خان کے ترجمان نے کہا کہ اداکار نے ماضی میں الیکشن کمیشن کی مہمات کے ذریعے انتخابی آگاہی پیدا کی ہے لیکن انھوں نے کبھی کسی سیاسی جماعت کی تشہیر نہیں کی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عامر خان نے جعلی ویڈیو کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی، اداکار کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے پورے کیریئر میں کبھی کسی سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں