سرکس میں کرتب دکھانے والے ہاتھی کے دل میں شہر گھومنے کی سمائی تو وہ وہاں سے فرار ہو کر سڑکوں پر مٹر گشت کرنے لگا۔
سرکس میں لوگوں کو محظوظ کرنے کے لیے کئی خطرناک جانور رکھے جاتے ہیں جو کرتب دکھا کر وہاں آنے والے تماش بین بالخصوص بچوں کو حیران کرتے ہیں لیکن اگر ان میں سے کوئی جانور بھاگ کر سڑک پر آ جائے تو پھر تفریح ختم اور دہشت شروع ہو جاتی ہے۔
ایسا ہی ایک انوکھا واقعہ امریکا کی ریاست مونٹانا میں پیش آیا جہاں سدھائے ہوئے ہاتھی نے سرکس میں کرتب دکھانے کے بجائے خود شہر کی سیر وتفریح کی ٹھانی اور اس کے لیے وہ سرکس سے فرار ہو کر بیچ شہر میں آگیا۔
ہاتھی سرکس سے کیا فرار ہوا سرکس والوں کی تو دوڑیں لگ گئیں جب کہ شہری اپنے درمیان سڑک پر ہاتھی کو گھومتا دیکھ کر حیران ہوتے رہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا کہ ہاتھی ایک مصروف شاہراہ پر چہل قدمی کرتا ہوا گاڑیوں کے قریب سے گزرتا ہے لیکن کسی چیز کو نقصان نہیں پہنچاتا جب کہ اس کا ٹرینر پریشانی کے عالم میں ہاتھ میں چھڑی تھامے اس کے ساتھ ساتھ دوڑ رہا ہے۔
لیکن یہ ہاتھی کچھ زیادہ ہی شریف نکلا اور رپورٹ کے مطابق جب شہر کی سیر وتفریح سے دل بھر گیا تو وہ واپس اپنی جگہ یعنی سرکس میں لوٹ آیا۔