منگل, اپریل 29, 2025
اشتہار

دہشت گرد ہماری فائرنگ سے ہلاک ہوا، لانڈھی خودکش دھماکے میں زخمی سیکیورٹی گارڈ کا بیان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں خود کش دھماکے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کا بیان سامنے آیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لانڈھی خود کش دھماکے میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے سیکیورٹی گارڈ لنگر خان نے کہا ہے کہ دہشت گرد ان کی فائرنگ سے ہلاک ہوا تھا۔

لنگر خان نے کہا ’’پولیس نے بھی فائرنگ کی مگر دہشت گرد ہماری فائرنگ سے ہلاک ہوا، حملے کے 10 سے 12 منٹ بعد پولیس موقع پر پہنچی تھی۔‘‘

لنگر خان نے بتایا کہ ہم صبح گاڑی میں جا رہے تھے کہ ایک شخص بھاگتا ہوا آیا، مجھے شک ہوا بھاگ کر آنے والا شخص حملہ کرے گا، شک ہونے پر میں نے فائرنگ کر دی، اسی دوران حملہ آور نے خود کو اڑا دیا۔

لانڈھی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر خودکش حملے میں اہم پیش رفت

لنگرخان نے کہا ’’میرے پیچھے موجود نور محمد نے بھی فائرنگ کی، دہشت گردوں کی فائرنگ سے گولیاں مجھے اور نور محمد کو لگیں، پیچھے ڈالے میں موجود ساتھیوں نے بھی دہشت گردوں پر فائرنگ کی۔‘‘

یاد رہے کہ 19 اپریل کو صبح ساڑھے چھ بجے کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب خود کش حملہ کیا گیا تھا، ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا، جب کہ دوسرا غیر ملکیوں کی سیکیورٹی پر مامور گارڈ کی فائرنگ سے مارا گیا۔

اس حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے تھے، 2 زخمی سیکیورٹی اہلکاروں میں سے ایک اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا تھا، گاڑی میں موجود تمام غیر ملکی مہمان محفوظ رہے تھے۔

آج اتوار کو اس حملے کے تین مقدمات ایس ایچ او شرافی گوٹھ کی مدعیت میں سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر دیے گئے ہیں، ایف آئی آر میں قتل، اقدام قتل، دہشت گردی و دیگر دفعات شامل ہیں، ہلاک دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کار بھی مقدمے میں نامزد ہیں۔ پہلا مقدمہ خودکش حملہ، دوسرا دہشت گردوں سے ملنے والے اسلحے، جب کہ تیسرا مقدمہ دہشت گردوں سے ملنے والے دستی بم، دھماکا خیز مواد کا درج کیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں