مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے اس وقت سیاسی استحکام میں اگر کوئی رکاوٹ ہے تو وہ بانی پی ٹی آئی ہے۔
اے آروائی نیوز کو خصوصی انٹرویو میں مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی خود کو اور ملک کو تباہ کرسکتے ہیں، اب دیکھنا ہے پہلے کس کو کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کی ذمہ داری سیاستدانوں، سیاسی جماعتوں کی ہے اور دیاست دانوں کو یہ بات تسلیم کرنا چاہیے، اس وقت سیاسی استحکام میں اگر کوئی رکاوٹ ہے تو وہ بانی پی ٹی آئی ہے۔
’ہم سمجھتے تھے بانی پی ٹی آئی مزاحمت نہیں کرسکیں گے لیکن انہوں نے کی‘
راناثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ووٹ مزاحمت کا ہے اور لوگ مزاحمت سے محبت کرتے ہیں، ہم سمجھتے تھے بانی پی ٹی آئی مزاحمت نہیں کرسکے گا لیکن، ماننا پڑے گا بانی پی ٹی آئی نے مزاحمت کی، 32 سال سے نوازشریف کے ساتھ ہوں، انہوں نے مزاحمت کی سیاست کی، مگر اس بار وہ نہیں چلی۔
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ دیکھنا ہے پی ٹی آئی کی مزاحمت ہمیں لے ڈوبی یا ہماری مفاہمت، مجھے لگتا ہے اُن کی مزاحمت اور ہماری مفاہمت کے درمیان ہی کچھ ہے۔
’الیکشن میں کوئی سلیکشن نہیں ہوئی، نہ کسی کو ٹارگٹ کیا گیا، یہ سازشی تھیوریاں ہیں ‘
سابق وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارٹی میٹنگ میں میری رائے تھی اتحادی حکومت نہیں بنانی چاہیے، یہ بات بھی درست نہیں کہ اس الیکشن سلیکشن ہوئی ہے، یہ سب سازشی تھیوریاں ہیں کسی کو ٹارگٹ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چاہوں تو اپنی شکست پر 10 باتیں نکال سکتا ہوں لیکن میں نے اپنی شکست کو تسلیم کیا، جاوید لطیف الیکشن سے متعلق غلط کہتے ہیں زیادتی کرتے ہیں، ایسا بالکل نہیں ہوا، اس الیکشن میں جتنا مجھے اپنے ہارنے کا یقین ہے اتنا ہی جاوید لطیف کی ہار کے صحیح ہونے کا ہے، جاوید لطیف کا گلہ ہے وہ ہار گئے لیکن رانا تنویر کیوں جیت گئے۔
صدر ن لیگ پنجاب نے کہا کہ رانا تنویر بھی ہار جاتے تو جاوید لطیف سکون میں ہوتے، میں انکا درد سمجھتا ہوں، ان کا دکھ رانا تنویر کے ڈی نوٹیفائی ہونے سے ختم ہونے والا ہے، جاوید لطیف کو وہ بات کرنی چاہیے جو دوسرا مان بھی لے۔
’مجھ پر ہیروئن کیس کروانے والا بانی پی ٹی آئی تھا لیکن کرنے والا قمر جاوید باجوہ ہی تھا‘
سابق وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے انٹرویو میں کہا کہ ہیروئن کیس پر پارلیمنٹ میں تقریب تھی تو قمرباجوہ نے میرے متعلق بہت غلط بات کی تھی جس پر تلح کلامی ہوگئی۔
راناثنااللہ نے کہا کہ شہباز شریف نے باجوہ کو کہا دیکھیں راناثنا کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے وہ بے گناہ ہیں، تو قمر باجوہ نے کہا وہ اس میں بے گناہ ہیں تو کوئی اور کام کیا ہوگا، اور میں نے یہ بات سن لی تھی۔
راناثنااللہ نے کہا کہ کچھ روز بعد پھر پارلیمنٹ میں بریفنگ تھی تو میری قمرباجوہ سے تلخی ہوگئی تھی میں نے باجوہ سے کہا آپ نے جو مقدمہ بنایا اللہ میرا انصاف کرے گا، جس پر قمرباجوہ نے مجھے جواب دیا نہیں میں نے نہیں بنایا تو میں نے کہا آپ نے ہی بنایا ہے، آپ کا ماتحت اگر آپ کی مرضی کے بغیر کوئی ایسا کرتا تو اس کا کورٹ مارشل ہوجاتا، جب ہمارے درمیان تلخی بڑھ گئی تو اعظم نذیرتارڑ اور سعد رفیق بیچ میں آئے اور کہا چھوڑ دیں۔
سابق وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ مجھ پر یہ کیس کروانے والا بانی پی ٹی آئی تھا لیکن کرنے والا قمر جاوید باجوہ ہی تھا۔
’ قانون نافذ کرنیوالے کسی ادارے کو حق نہیں کہ وہ چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرے‘
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے قانون نافذ کرنیوالے کسی ادارے کو حق نہیں کہ وہ چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرے، پی ٹی آئی والے شور تو مچاتے ہیں لیکن تحریری شکایت نہیں کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل اور اعظم سواتی کو میں نے خود کہا شکایت کرو ہم انکوائری کراتے ہیں، دونوں نے شکایت نہیں کی جب ہم پر ٹارچر ہوا تو ہم نے مقدمات درج کرائے تھے۔
’محسن نقوی صرف ن لیگ کی وجہ سے نہیں بلکہ کچھ اور وجوہات پر بھی وزیر بنے ہیں ‘
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ ہم اس تاثر کو ختم کرنے میں ناکام رہے کہ نگراں حکومت ن لیگ کی نہیں جس کا سیاسی نقصان ہوا، محسن نقوی صرف ن لیگ کی وجہ سے نہیں بلکہ کچھ اور وجوہات پر بھی وزیر بنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی ترمیم ہونی چاہیے کہ نگراں حکومتی شخصیت کسی بھی منتخب حکومت کا حصہ نہ ہو ورنہ اس طرح تو ہر نگراں حکومت اپنی سیٹ پکی کرنے کے لیے ایسے اقدامات کرے گی۔
’فیض آباد دھرنا تحریک لبیک کا اپنا فیصلہ تھا انہیں کسی نے نہیں اکسایا ‘
انہوں نے کہا کہ فیض آباد دھرنا تحریک لبیک کا اپنا فیصلہ تھا اور وہ اس پر کسی کی نہیں سنتے، یہ کہناغلط ہے تحریک لبیک کو دھرنے کے لیے کسی اور نے کہا تھا، جب دھرنا لاہور نے نکلا تو اس وقت بطور وزیر قانون پنجاب پہلے مذاکرات میں نے کئے تھے۔
راناثنااللہ نے کہا کہ ٹی ایل پی نے زاہد حامد کا استعفیٰ مانگا تھا توہم نے کہا راجہ ظفرالحق انکوائری کرلیں تو پھر اس پر عمل کرینگے، چار دن انکوائری رپورٹ نہ آئی پھر انہوں نے کہا ہم پرامن رہیں گے اب ہمیں جانے دیں۔
راناثنااللہ نے کہا کہ وفاقی حکومت اوت تمام ایجنسیوں نے فیصلہ کیا ان کو نہیں روکنا کیونکہ اموات کا خدشہ تھا جب اسلام آباد میں مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو حکومت نے آپریشن کیا جو ناکام ہوا۔
راناثنااللہ نے مزید کہا کہ اس کے بعد فیض حمید اور قمر باجوہ نے کہا اسکو ختم کریں اور استعفیٰ دے دیں، اس لیے یہ کہنا غلط ہے ٹی ایل پی کو کسی نے اکسایا تھا۔