امتحانات میں نمایاں کامیابی ہر طالبعلم کا خواب ہوتا ہے لیکن کامیابی کے بجائے ناکامی ملے تو بعض اوقات طلبہ سنگین قدم اٹھا لیتے ہیں۔
ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست تلنگانہ میں پیش آیا ہے۔ اس ریاست کے مختلف اضلاع میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں فیل ہونے پر 9 طلبہ وطالبات نے خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خودکشی کرنے والوں میں 7 طالبات اور 2 طالب علم شامل ہیں۔ 7 نے نتیجے کے اعلان کے دن جب کہ دو نے دوسرے روز اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
مذکورہ ریاست میں گزشتہ دنوں انٹرمیڈیٹ کے نتائج جاری کیے گئے تھے جن میں سے 7 طلبہ وطالبات نے اسی شام مایوس ہو کر موت کو گلے لگا لیا۔
خودکشی کے یہ واقعات سنگار ریڈی ضلع کے مختلف علاقوں میں پیش آئے جہاں کولور میں سائی تیجا، عطاپور کی ہرینی، اوچیلا پور گاؤں کی ساتوک، ڈورا گاڑی گاؤں کی گٹکا تیجسوینی، موڈی گونڈہ کی ویشالی اور چلوکوڈو گاؤں کی بھارگوی شامل ہیں۔
اگلے روز ہی رنگا ریڈی کے علاقے میں ایک لڑکی اور منچریال ضلع میں ایک لڑکے بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔