پنجاب حکومت نے گندم خریداری سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے جب کہ کسانوں نے اس حوالے سے حکومت کو کل تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کو محکمہ خوراک کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب حکومت نے کسانوں سے گندم خریداری سے متعلق کوئی فیصلہ تاحال نہیں کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گندم خریداری کے معاملے پر آج وزرا کمیٹی کا اجلاس دوبارہ ہو گا، اجلاس کے بعد کسانوں سے اس معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔
دوسری جانب کسان بچاؤ تنظیم کے رہنما سلطان جاوید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے پاسکو ہدف بڑھانے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید ہے کہ پنجاب حکومت بھی اسی طرز کا اعلان جلد کرے گی۔
کسان رہنما نے پنجاب حکومت کو اس حوالے سے کل تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ اگر کل تک اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوا تو ہم اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کر دیں گے۔
کسانوں کے لیے اچھی خبر، وزیر اعظم کا گندم کی خریداری کے حوالے سے بڑا حکم
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز وفاقی حکومت کا گندم کی خریداری کا 1.4 ملین میٹرک ٹن کا ہدف بڑھا کر 1.8 ملین میٹرک ٹن کرتے ہوئے پاسکو کو گندم خریداری کا ہدف بڑھانے اور فوری خریداری یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔