پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل رواں ماہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کا دورہ کرے گی جس کے لیے اسکواڈ کا اعلان کل کیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل رواں ماہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کا دورہ کرنا ہے جس میں بالترتیب 4 اور 3 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کھیلی جائیں گی۔ دونوں ممالک کے دورے کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کل ہوگا۔
سلیکشن کمیٹی کل قومی ٹیم کا اعلان کرے گی۔
پاک آئرلینڈ ٹی 20 سیریز کا آغاز 10 مئی سے ہوگا۔ قومی ٹیم یہاں 10، 12 اور 14 مئی کو ڈبلن میں آئرش ٹیم کے خلاف میدان میں اترے گی جس کے بعد گرین شرٹس انگلینڈ کے لیے اڑان بھریں گے۔
دورہ انگلینڈ میں چار میچوں پر مشتمل سیریز کے میچز 22، 25، 28 اور 30 مئی کو کھیلے جائیں گے۔ پاکستان ٹیم انگلینڈ سر زمین سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مہم کے لیے امریکا روانہ ہوگی۔
یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان انگلینڈ کے خلاف پہلے میچ کے بعد متوقع ہے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان انگلینڈ کے خلاف پہلے میچ کے بعد متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر حارث رؤف اسکواڈ میں جگہ بنائیں گے، وہ کندھے کی انجری کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے جب کہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان بھی پہلے سے بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں جنہیں کیویز کے خلاف آخری دو میچوں میں ہمسٹرنگ انجری کے باعث آرام دیا گیا تھا۔