ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستانی لیجنڈ کی خدمات سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اگلے ماہ شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے پہلے سری لنکا کرکٹ ٹیم کی جانب سے اپنی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں۔ پاکستان کے عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم 3 دن کے لیے سری لنکن بولرزکی کوچنگ کریں گے۔
اپنے بولرز کے لیے سوئنگ کے سلطان کی خدمات حاصل کرنے سے قبل پاکستان کے ایک اور سابق بولر عاقب جاوید کو بھی سری لنکا کا بولنگ کوچ مقررکیا جاچکا ہے۔
وسیم اکرم تین روزہ ٹریننگ پروگرام کے سلسلے میں سری لنکا پہنچ گئے ہیں، مذکورہ ٹریننگ پروگرام کے دوران پاکستانی لیجنڈ اور سابق کپتان 5 سیشینز منعقد کریں گے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق وسیم اکرم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری میں مصروف پلیئرز سے بھی ملیں گے۔ وہ سری لنکا پیس اکیڈمی، ہائی پرفارمنس سینٹر اور کلب کوچز کو بھی رہنمائی فراہم گے۔
واضح رہے کہ آئندہ ماہ جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں عالمی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شیڈول ہے اور تمام ہی ٹیموں نے اپنی بساط کے مطابق اس ایونٹ کے لیے بھرپور تیاریاں کی ہیں۔