ٹی 20 ورلڈ کپ میں آئندہ ماہ 9 جون کو ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا امریکا کے شہر نیویارک میں ہوگا جس کی پچ تیاری شروع کر دی گئی ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے سنسنی خیز لمحات شروع ہونے میں صرف 29 روز باقی رہ گئے ہیں۔ یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے اس میگا ایونٹ کا سب سے بڑا اور جوش سے بھرپور مقابلہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان 9 جون کو شیڈول ہے۔
یہ پاک بھارت ٹاکرا امریکا کے شہر نیویارک کے ناسا اسٹیڈیم میں ہوگا جس کی تکمیل کے بعد اب وہاں پچ لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
کھیلوں بالخصوص کرکٹ کے میدان میں پاک بھارت میچ کا دنیا بھر کو انتظار ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے اس بڑے میچ کی تمام 34 ہزار ٹکٹ مہینوں پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔
سنسنی خیز لمحات سے بھرپور اس میچ کے لیے ایڈیلیڈ کے کیوریٹر ڈیمیئن ہف نے فلوریڈا میں 10 پچیں تیار کیں، جنہیں 20 ٹرکوں کی بڑی ٹرے میں رکھ کر نیویارک لایا گیا۔
پچ کے تخلیق کار ڈیمیئئن ہف کا کہنا ہے کہ ہماری مہارت کی وجہ سے آئی سی سی کے اس میگا ایونٹ کے لیے ہمیں پچ بنانے کو کہا گیا۔
نیویارک میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مجموعی طور پر 9 میچز ہوں گے اور اس گراؤنڈ پر پہلا میچ سری لنکا ور جنوبی افریقہ کا شیڈول ہے مگر اصل اور بڑا میچ 9 جون کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا جس کے لیے نیویارک میں مقیم دونوں ممالک کے شہریوں میں بھی بڑا جوش وخروش پایا جاتا ہے۔
پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریاں جاری
واضح رہے کہ یکم جون سے شروع ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اب تک متعدد ممالک اپنے اسکواڈ کا اعلان کر چکے ہیں۔ ان میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ، بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، افغانستان شامل ہیں۔