رسالپور: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ہم آئینی حدود جانتے ہیں دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کومقدم رکھنےکی توقع رکھتےہیں۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز(ملٹری) نے پاکستان ائیر فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آپ ہماری امیدوں کا مرکز اور آسمانوں کے محافظ اور علاقائی یکجہتی کے ضامن ہیں، توقع ہے آپ کردار،ہمت اورقابلیت کی خوبیوں سے مُزیّن زندگی گزاریں گے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپ کا طرز عمل نہ صرف ذاتی اخلاقیات بلکہ قابل احترام ادارےکیلئےبھی غیر معمولی ہوگا، آپ مادر وطن کےدفاع،عزت و وقار کیلئےقربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے، توقع ہے آپ بہترین پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی لازوال روایت قائم رکھیں گے۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ آرٹیکل 19میں واضح طور پر آزادی اظہار اور اظہار رائے کی حدود متعین کی گئی ہیں، آئین میں دی گئی آزادی رائے پرعائدقیود کی برملا پامالی کرنیوالےدوسروں پرانگلیاں نہیں اٹھاسکتے، ہم آئینی حدود جانتے ہیں دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کومقدم رکھنےکی توقع رکھتےہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلحے کی دوڑ سے ہمارےخطےمیں طاقت کاتوازن بھی بگڑنےکاامکان ہے، جدیدٹیکنالوجیز فضائی طاقت کے استعمال کو تبدیل کرنے کے ساتھ دائرہ کار کووسعت دے رہی ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے مزید کہا کہ ایک مضبوط فضائیہ کے بغیر ملک کسی بھی جارح کےرحم و کرم پر ہوتاہے، پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے، پاک فضائیہ نےبہادری،پیشہ ورانہ مہارت سےمشکلات میں فضائی حدودکی نگرانی کی، جس کی بڑی مثال فروری 2019 ہم سب کے سامنے ہے۔
غزہ کی صورتحال کے حوالے ان کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ اس بات کی تازہ مثال ہےکہ جنگیں کیاکیا مصائب سامنے لاسکتی ہیں، غزہ میں بزرگوں، خواتین،بچوں کا اندھادھند قتل اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا میں تشددبڑھ رہا ہے۔
مقبوضہ کشمیر سے متعلق جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے اپنا ناجائز قبضہ کررکھا ہے، کشمیر میں بھارتی جارحیت پر دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آوازدبا نہیں سکتی، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی ،سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، ہمیشہ یاد رکھیں کہ حق طاقت ہے جبکہ باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ راشدمنہاس، سرفراز رفیقی،ایم ایم عالم جیسےبنیں جنہوں نےوطن کیلئےزندگیاں پیش کیں، آپ کوجوذمہ داری سونپی ہےاس کیلئےپرعزم اورریاست پاکستان کیساتھ وفاداررہیں۔