ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

بھارتی اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل کس نے بھیجی؟ بڑا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں گزشتہ روز 100 سے زائد اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی تھی یہ ای میل کس ڈومین سے بھیجی گئی اس بارے میں پولیس نے انکشاف کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز دارالحکومت نئی دہلی اور اس سے متصل علاقوں کے 100 سے زائد اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئی تھیں جس کے بعد وہاں سخت خوف وہراس پھیل گیا تھا۔ الرٹ جاری ہونے کے بعد اسکولوں کو بچوں سے خالی اور پوری سرچنگ کی گئی لیکن کہیں سے دھماکا خیز مواد نہ ملا۔

رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس نے کہا ہے کہ دھمکی آمیز ای میل کے لیے جس آئی ڈی کا استعمال کیا گیا ہے اس کا ڈومین ڈومین ڈاٹ آر یو (.ru) ہے جو روسی ہے اور اسی ای میل سے گزشتہ سال بھی شہر کے ایک اسکول کو دھمکی آمیز ای میل بھیجا گیا تھا۔

تفتیش میں شامل دہلی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے غالباً ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کا استعمال کیا ہوگا۔ پولیس حکام نے کہا کہ ایسے حالات میں لوگوں پر نظر رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔ دہلی پولیس کے حکام نے یہ بھی کہا کہ انہیں اس سب کے پیچھے کسی سنگین سازش کا شبہ ہے!

تاہم اس معاملے میں دہلی پولیس نے تعزیرات ہند (آئی پی سی) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ایکٹ کے تحت مجرمانہ سازش، گمنام مواصلات اور دیگر الزامات پر مقدمہ درج کیا ہے۔ وہیں دہلی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یقینی طور پر اس طرح کا ای میل آئی ڈی ایڈریس کوئی بھی، کسی بھی جگہ سے بنا سکتا ہے۔ فی الحال دہلی پولیس نے اس معاملے میں اپنی جانچ شروع کر دی ہے۔

تحقیقات میں شامل دہلی پولیس افسر کا کہنا ہے کہ یہ دھمکی روس میں قائم ڈومین آئی ڈی ‘[email protected]’ سے بھیجی گئی تھی لیکن ممکن ہے کہ صارف نے اپنا آئی پی (انٹرنیٹ پروٹوکول) برقرار رکھنے کے لیے آئی ڈی کی ایک سریریز سے ای میلز کا ایک سلسلہ باؤنس کرا دیا ہو، جس میں ایڈریس چھپا ہوا ہو۔ اس بات کا امکان ہے کہ آئی پی ایڈریس کسی وی پی این کے ساتھ منسلک ہوں۔

افسر نے کہا کہ ہم انٹرپول کے ڈیمی آفیشل (ڈی او) کو خط بھیج کر مدد طلب کریں گے، جس میں ای میل ایڈریس کے لیے سائن اپ کرنے والے شخص کی تفصیلات مانگی جائیں گی۔ اس معاملے میں دہلی پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ہم ای میل بھیجنے والے رجسٹرڈ صارف کی تفصیلات جاننے میں مدد کے لیے روسی کمپنی سے بھی رابطہ کریں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ’ڈاٹ آر یو‘ ڈومین ہونے ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ای میل صرف روس سے ہی بھیجا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں