کراچی: سندھ کابینہ اجلاس میں پیپلز بس سروس کا کرایہ 50 روپے برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس ہوا جس میں بریفنگ دی گئی کہ پیپلز بس سروس کے لیے نگراں دور میں 50 روپے کرایہ برقرار رکھا گیا تھا، کرایے چھ ماہ کے لیے جنوری تا جون 2024 تک مقرر کیا گیا تھا۔
50 روپے کرایہ مقرر کرنے کے لیے 579.758 ملین روپے 6 ماہ کی سبسڈی کے طور پر منظور کیے گئے جس میں سے 289.878 ملین روپے جاری ہوچکے ہیں۔
کابینہ نے 50 روپے کرایہ برقرار رکھنے کے لیے باقی 289.878 ملین جاری کرنے کی ہدایت کردی۔
علاوہ ازیں اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ٹیکسٹ بک بورڈ کے لیے 1011.124 ملین روپے نصابی کتابوں کے لیے درکار ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نگراں حکومت نے 3.5 بلین روپے منظور کیے تھے، ٹیکسٹ بورڈ کا ریگولر بجٹ 2350 ملین ہے جس میں 1265 ملین جاری ہوچکے ہیں۔
کابینہ نے نصابی کتابوں کے لیے 1.011 بلین روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی، وزیر اعلیٰ نے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے آڈٹ کرنے کی بھی ہدایت دے دی۔