سعودی عرب نے بنگلا دیش کے لیے حج ویزا کی درخواست کی آخری تاریخ میں 7 مئی تک توسیع کر دی ہے۔
بنگلہ دیشی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ بنگلا دیش سے حجاج کرام کو آئندہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب لے جانے والی پروازیں جمعرات سے شروع ہونے والی ہیں۔
پہلی پرواز 9 مئی کو ڈھاکا سے اڑان بھرے گی۔
سعودی نیوز پورٹل سبق نے بنگلا دیشی رپورٹس کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے بنگلا دیشی عازمین کے لیے حج ویزے کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ میں 7 مئی تک توسیع کر دی ہے۔
اس سے قبل آخری تاریخ 29 اپریل مقرر کی گئی تھی۔ تقریباً 4,289 بنگلہ دیشی اس سال کے حج میں شرکت کے لیے سرکاری انتظامات کے تحت اندراج کر چکے ہیں جب کہ 78,895 دیگر نے نجی شعبے کے ذریعے اندراج کرایا ہے۔
پاکستان میں عازمین حج کی حجاز مقدس روانگی کے سلسلے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ منیجر کے مطابق ایئرپورٹ پر سعودی امیگریشن کے لیے 8 کاؤنٹر الاٹ کر دیے گئے ہیں، جہاں سعودی امیگریشن کا عملہ عازمین کی امیگریشن کرے گا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ سے 9 مئی سے حج پروازوں کا آغاز ہو رہا ہے، جن میں پی آئی اے، سعودی ایئر لائن، ایئر بلو، ایئر سیال، سرین ایئر کی پروازیں شامل ہیں، تمام 71 پروازیں روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت مدینہ اور جدہ کے لیے آپریٹ کی جائیں گی۔
ایئرپورٹ منیجر و چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب گیلانی کے مطابق مجموعی طور پر 21 ہزار عازمین حج کی روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی ہوگی۔