نئی دہلی: بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ میری گارنٹی ہے کہ نریندر مودی دوبارہ بھارت کے وزیر اعظم نہیں ہوں گے۔
لوک سبھا انتخابات 2024 کے سلسلے میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے نریندر مودی کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا اور لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ووٹ نہ دیں۔
راہول گاندھی نے کہا کہ اس بار بی جے پی کی حکومت گرنا یقینی ہے کیونکہ یہ لوگوں سے جھوٹ بولتے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر نریندر مودی دوبارہ وزیر اعظم بن گئے تو وہ ملکی آئین ختم کر دیں گے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ نریندر مودی صرف اڈانی اور امبانی کیلیے کام کرتے ہیں انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم اقتدار میں آئے تو صرف عوام کیلیے کام کریں گے۔ راہول گاندھی نے اعلان کیا کہ خواتین کو ماہانہ فی کس 8 ہزار روپے دیں گے۔
اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اس انتخابات میں بی جے پی کو ریکارڈ شکست ہوگی، انہوں نے میڈیا کو کنٹرول کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں لوک سبھا انتخابات جاری ہیں جس کا تیسرا مرحلہ مکمل ہوگیا اور اب چوتھے مرحلے کیلیے ووٹنگ 13 مئی کو ہونی ہے۔
دوسری جانب نریندر مودی اور راہول گاندھی کو ایک دوسرے سے مباحثے کیلیے مدعو کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ آف انڈیا کے سابق جج مدن بی لوکر، دہلی ہائی کورٹ کے سابق جج اے پی شاہ اور صحافی این رام کی جانب سے نریندر مودی اور راہول گاندھی کو مباحثے کیلیے دعوت نامہ ارسال کیا گیا تھا۔
دعوت نامے میں ان شخصیات نے لکھا تھا کہ مباحثے میں سیاسی رہنماؤں کو نہ صرف براہ راست سننے سے شہریوں کو فائدہ ہوگا جبکہ جمہوریت بھی مستحکم ہوگی، آپ دونوں شخصیات نے ملک کیلیے خدمات انجام دیں۔