پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائد بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا اور وہ دنیا میں سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز جیتنے والے کپتان بن گئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپر اسٹار کپتان بابر اعظم جو آئے دن کرکٹ کا کوئی نہ کوئی ریکارڈ اپنے نام کر رہے ہیں اب ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے جس کے بعد وہ دنیا کے کامیاب ترین کپتان بن گئے ہیں۔
گزشتہ روز ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں فتح بطور قومی کپتان بابر اعظم کی 45 ویں فتح تھی اور اس سنگ میل تک ان سے قبل کوئی کرکٹر نہیں پہنچ سکا۔
بابر اعظم نے سابق انگلش کپتان ایان مورگن کا ریکارڈ توڑا جنہوں نے بطور کپتان 44 میچوں میں اپنی ٹیم کو فتحیاب کرایا تھا جب کہ یوگنڈا کے برائن مسابا بھی بطور کپتان 44 میچز میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔
اس فہرست میں تیسرے نمبر پر افغانستان کے کپتان اصغر افغان ہیں جن کے کریڈٹ پر 42 فتوحات ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اگرچہ پاکستان ٹیم کو اپ سیٹ شکست ہوئی تھی تاہم بابر اعظم نے اس میچ میں بھی دو ریکارڈ اپنے نام کیے تھے۔
پاکستان قائد نے مذکورہ میچ میں 38 ویں نصف سنچری اسکور کر کے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کیا تھا جب کہ اسی میچ میں انہوں نے دنیا میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز کی قیادت کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔
آئرلینڈ کے خلاف بابر اعظم کا بطور کپتان 77 واں میچ تھا جب کہ اس سے قبل ایرون فنچ اس فہرست میں 76 میچز کے ساتھ ٹاپ پر تھے۔