اسلام آباد : جمعیت علما اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمداللہ نے گندم اسکینڈل پر کہا کہ ایک ہیرے نے گندم منگوائی اور دوسرے نے اسکینڈل پر کمیٹی بنادی۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علما اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمداللہ نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو میں گندم اسکینڈل سے متعلق کہا کہ بدقسمتی ہے گندم امپورٹ جیسے بڑے اسکینڈل طاقتور اور بااثر لوگ کرتےہیں۔
حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ اے آر وائی نیوز پر معاملہ آیا تو ہمیں اندازہ ہواگندم امپورٹ میں کیا کچھ ہواہے، ایک ہیرے نے گندم منگوائی دوسرےنے اسکینڈل پر کمیٹی بنادی۔
انھوں نے مزید کہا کہ جب بھی بڑے اسکینڈل پرکمیشن یاکمیٹی بنائیں تواس کا مطلب ہے’’مٹی پاؤ‘‘۔
یاد رہے گندم کی درآمد سے متعلق انکشاف ہوا تھا کہ نجی شعبہ نے حکومتی شعبہ سے 70 فیصد سستی گندم امپورٹ کی۔
دستاویزات کے مطابق مالی سال 2023 میں حکومت نے 1.07 ارب ڈالر کی 26 لاکھ 10 ہزار ٹن گندم امپورٹ کی، مالی سال 2024 میں نجی شعبہ نے 1.03 ارب ڈالر کی 35 لاکھ 57 ہزار ٹن گندم امپورٹ کی، نجی شعبے کی ایک ارب ڈالر مالیت میں 9 لاکھ 40 ہزار ٹن گندم زیادہ لے آیا۔
دستاویزات کے مطابق مالی سال 2023 میں حکومتی شعبہ نے 67 کروڑ ڈالر میں 17 لاکھ ٹن گندم روس سے درآمد کی، مالی سال 2024 میں نجی شعبہ نے 63 کروڑ ڈالر میں 22 لاکھ ٹن گندم روس سے درآمد کی نجی شعبہ نے 4 کروڑ ڈالر کم خرچ کرکے 4.5 لاکھ ٹن گندم زیادہ سستی درآمد کی۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2023 میں حکومتی شعبہ نے 13.5 کروڑ ڈالر میں 2.8 لاکھ ٹن گندم رومانیہ سے درآمد کی، مالی سال 2024 میں نجی شعبہ نے 13.7 کروڑ ڈالر میں 4.6 لاکھ ٹن گندم رومانیہ سے درآمد کی، یوکرین کے ساتھ جنگ کی وجہ سے روس کی گندم کا ریٹ کم ہوا اور سستی گندم امپورٹ ہوئی۔