اداکار سلمان خان سے متعلق سومی علی کی اپیل پر بشنوئی کمیونٹی کا ردعمل آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آل انڈیا بشنوئی سوسائٹی کے صدر دیویندرا بڈیا نے سومی علی کی جانب سے سلمان خان کو نقصان نہ پہنچانے کی اپیل کے جواب میں ایک بیان جاری کیا جس میں انہیں 1998 کے کالے ہرن کیس میں معاف کرنے کے لیے شرط عائد کی گئی ہے۔
بڈیا کا کہنا ہے کہ اگر سلمان خان خود معافی مانگتے ہیں تو بشنوئی معاشرہ معافی پر غور کرے گا کیونکہ غلطی سومی علی سے نہیں بلکہ سلمان نے کی تھی لہٰذا کوئی اور اس کی طرف سے معافی نہیں مانگ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر سلمان خان خود مندر آتا ہے اور معافی مانگتا ہے تو ہماری کمیونٹی اسے معاف کرنے کے بارے میں سوچ سکتی ہے کیونکہ ہمارے 29 اصولوں ایک معافی ہے۔
بڈیا نے مزید کہا کہ سلمان کو حلف بھی لینا چاہیے کہ وہ ایسی غلطی کبھی نہیں کریں گے اور جنگلی حیات اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے کام کریں گے۔
1998 کالے ہرن کا کیس
واضح رہے کہ سلمان خان نے مبینہ طور پر سورج برجاتیا کے ساتھ فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران راجستھان کے جودھ پور کے قریب کالے ہرن کا شکار کیا تھا، سلمان کے ساتھ سونالی بیندرے، تبو اور نیلم کیخلاف اکتوبر 1998 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ سلمان کو پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی بعد میں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔
سومی علی کی اپیل
اداکارہ سومی علی نے گینگسٹر لارنس بشنوئی سے اپیل کی تھی کہ وہ سلمان کو نقصان نہ پہنچائیں کیونکہ ان کو مارنے سے کالے ہرن کو واپس نہیں لایا جاسکتا۔