فلسطین سمیت دنیا بھر میں آج مسلمان یومِ نکبہ منا رہے ہیں، اسرائیلی شہر حائفہ کی سڑکیں آزاد فلسطین کے نعروں سے گونج اٹھیں۔
تفصیلات کے مطابق 15 مئی 8 لاکھ فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کا دن ہے، فلسطین سمیت دنیا بھر میں آج مسلمان یومِ نکبہ منا رہے ہیں۔
اسرائیلی شہر حائفہ کی سڑکیں آزاد فلسطین کے نعروں سے گونج اٹھیں، ’نکبہ‘ کے 76 برس مکمل ہونے پر ہزاروں افراد فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے سراپا احتجاج تھے۔
مظاہرے میں فلسطینیوں سمیت، یہود اور عیسائی بھی موجود تھے، فلسطینی ہر سال پندرہ مئی کا دن یوم نکبہ کے طور پر مناتے ہیں، پندرہ مئی 1948 کو اسرائیلی ریاست کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا، جو فلسطینیوں کے لیے یوم سیاہ ہے۔
اسرائیلی فوج رفح کے رہائشی علاقوں میں داخل، جانی نقصان کا خدشہ
فلسطینی اسرائیلی ریاست کے قیام کو ’نکبہ‘ یا ’تباہی‘ قرار دیتے ہیں۔ تاہم غزہ میں اسرائیل جو کچھ اب کر رہی ہے، ایسا لگتا ہے کہ یہ ماضی کے تجربے سے کہیں زیادہ اندوہ ناک اور تباہ کن ہوگا۔
1948 کی عرب اسرائیل جنگ کے بعد اسرائیل نے بے گھر فلسطینیوں کو واپس آنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا، اس طرح وہ مستقل پناہ گزین کمیونٹی بن گئے، جن کی تعداد اب تقریباً 60 لاکھ ہے، زیادہ تر فلسطینی اب لبنان، شام، اردن اور اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے میں کچی آبادی نما شہری پناہ گزین کیمپوں میں رہتے ہیں۔