بدھ, مارچ 12, 2025
اشتہار

آپ میری ساری زندگی کی کمائی کو ناجائز بنا رہے ہیں یہ زیادتی ہے، محسن نقوی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ میری اہلیہ کی 2017 سے دبئی میں پراپرٹی تھی جو بعد میں بیچی گئی، اہلیہ کی لندن میں بھی جائیداد ہے، آپ میری ساری زندگی کی کمائی کو ناجائز بنا رہے ہیں یہ زیادتی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پراپرٹیز میں کوئی غیر قانونی پیسہ استعمال ہوا ہے تو بتائیں، جائز پیسے ہوں گے ملک اور بیرون ملک بھی سرمایہ کاری کروں گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ اگر کسی نے غیر قانونی پیسے سے پراپرٹی خریدی تو انکوائری کریں، مجھ سے متعلق ایسا تاثر دیا گیا کہ پتا نہیں کن پیسوں سے پراپرٹی خریدی، اگر پراپرٹی ناجائز اور ظاہر نہیں کی گئی تو ضرور اس کو مسئلہ بنائیں، مجھ سے متعلق خاص تاثر دیا گیا جو کہ زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جائز پیسوں اور قانونی طریقے سے اگر پراپرٹی خریدی تو سمجھ نہیں آتا میڈیا کیوں اچھال رہا ہے؟ الیکشن گوشواروں میں سب کچھ واضح ہے، 10 سال پہلے خریدی گئی پراپرٹی ہے اس وقت میں پبلک آفس ہولڈر نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ کی لندن میں بھی جائیداد ہے اور بطور بزنس مین جہاں چاہوں گا سرمایہ کاری کروں گا، میری ایک ایک چیز اثاثوں میں ظاہر کی گئی ہے، میڈیا ٹیکس گوشوارے نکالتا تو اس میں سب کچھ مل جاتا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ میری زندگی بھر کی کمائی کو اس طرح غلط نہیں کہہ سکتے، ہزاروں لوگوں کی بیرون ملک پراپرٹیز ہیں لیکن کچھ لوگوں کو ٹارگٹ کیا گیا، جن کی پراپرٹیز ڈکلیئر ہیں ان کے نام بھی فہرست میں دیے گئے، ہزاروں ایسے لوگ ہیں جن کی دبئی میں پراپرٹیاں ہیں لیکن نام نہیں آیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ اس بات سے یہ تاثر ملتا ہے کسی خاص حصے کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن کی پراپرٹیز ڈکلیئر نہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، ملک میں بزنس ہونا گالی بنا دیا گیا ہے، قانونی طریقے سے بیرون ملک سرمایہ کاری کرنا غلط نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی ترقی کی وجہ سے وہ اپنے کاروباری افراد کو سپورٹ کرتے ہیں، ہمارے ہاں کوئی کاروباری شخص ترقی کرے تو کہتے ہیں چور ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں