پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد پر دو، تین بار بم حملے ہو چکے ہیں۔
قومی فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے پی سی بی پوڈکاسٹ میں جہاں اپنے کرکٹ کیریئر کے حوالے سے گفتگو کی، وہیں اپنی نجی زندگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پرستاروں کو یہ انکشاف کرکے حیران کر دیا کہ ان کے والد پر دو، تین بار بم حملے ہو چکے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ان کے والد پولیس میں تھے اور اس محکمے کو 25 سال دیے۔ ان پر دو، تین بار بم حملے ہوئے اور ایک حملے میں تو وہ بہت زیادہ زخمی ہوگئے تھے اور یہ ہماری فیملی کے لیے بڑا مشکل وقت تھا، ہمارا گھر بھی ان کا نشانہ بنا۔
شاہین شاہ نے بچپن اور بھائیوں سے تعلق کے حوالے سے کہا کہ انہیں بچپن سے کرکٹ کا شوق تھا۔ دیگر اسکولز سے میچز ہوتے تھے۔ میرے بھائی کو پڑھائی کا شوق تھا تو میں اپنے پیپر بھی اس سے دلواتا تھا جب کہ میں بھائی کی جگہ کرکٹ کھیلتا تھا۔
View this post on Instagram
انہوں نے بتایا کہ وہ گھر میں سب سے چھوٹے ہیں اس لیے بڑے بھائیوں سے ڈانٹ پڑتی رہتی تھی لیکن کبھی بہت زیادہ ڈانٹ نہیں پڑی۔ میرے دوسرے نمبر کے بھائی ہی ڈانٹتے اور بڑوں کے سامنے کچھ کہہ بھی نہیں سکتے، اس لیے خاموشی سے ڈانٹ سن لیا کرتے تھے۔
شاہین شاہ نے بتایا کہ انہیں بھائیوں کے ساتھ والد نے کرکٹ کے لیے بڑا سپورٹ کیا۔ مجھے چھوٹا ہونے کا بھی بڑا فائدہ رہا کیونکہ جب بھی بڑے بھائی ڈانٹتے تھے تو والدین میری حمایت لیتے تھے اور انہیں ڈانٹنے سے روک دیا کرتے تھے۔