شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار شبیر جان مرحوم والدہ کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
اداکار شبیر جان نے حال ہی میں پروگرام میں شرکت کی اور نجی زندگی، شوبز کیریئر کے حوالے سے کھل کر اظہار خیال کیا۔
انہوں نے بتایا کہ میری والدہ والد صاحب سے کہتی تھیں کہ اس کو مت مارو، یہ میرا کھوٹا سکہ ہے جب یہ چلے گا تو کوئی دوسرا سکہ نہیں چلے گا۔
شبیر جان نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ آج اللہ نے وہ دن دکھایا اور مجھے وہ مقام دیا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ والدہ بیمار ہوگئی تھیں، ہر رمضان کا پہلا روزہ میں والدہ سے ساتھ افطار کرتا تھا بچے بھی میرے ساتھ ہوتے تھے اور پہلے روزے کے بعد رات دس بجے میری شوٹنگ ہوتی تھی۔
شبیر جان نے کہا کہ میں ان کے ساتھ بیٹھا تھا انہوں نے ایک بات کی جو انہوں نے کبھی نہیں کی تھی، وہ کہنے لگیں کہ ہمت نہیں ہورہی، میں نے کہا ایسی بات نہ کریں اللہ نے آپ کو بہت ہمت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ان کو کچھ کہے بغیر باہر نکلا اور کام پر چلا گیا پھر سحری کے وقت گھر پہنچا، نماز پڑھ کر لیتا تو اہلیہ فریدہ آئیں اور انہوں نے مجھے اٹھایا تو میرے منہ سے بے اختیار نکلا کہ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
شبیر جان نے بتایا کہ والدہ میرے لیے بادام، کاجو نکال کر رکھتی تھیں، میں ان کی گود میں سر رکھ کر لیٹ جایا کرتا تھا۔
اداکار نے کہا کہ ہم والدہ کا کوئی قرض نہیں اتار سکتے نہ ہی والدین کا کوئی نعم البدل ہے۔