اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر کا مولانافضل الرحمان سے اتحاد کے حوالے اہم بیان سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ میں پیشی پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیاسی انتقام میں ہم پر کیسز بنائے گئے، اس لئے ہمیں ریلیف مل رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان سے اتحاد کے حوالے سے گوہر خان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ گفتگو جاری ہے، امید ہے مولانافضل الرحمان جلد ہمارے اتحاد کا حصہ بن جائیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے، چھوڑ کر جانے والوں کی شمولیت اور عہدہ دینے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے خلاف تمام کیسز سیاسی نوعیت کے ہیں ، پرامن احتجاج کرنا ہر پاکستانی کا حق ہے، الزام لگایا گیا وردیاں پھاڑی گئیں، زیادتی تو ہمارے ساتھ ہوئی ہے، اسمبلی میں کہا تھا اس طرح سے پولیس کا مورال ڈاؤن ہوگا۔
یاد رہے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا الگ بیانیہ ہے اس کو پی ٹی آئی سے نہ جوڑا جائے۔ تحریک انصاف سے اتحاد ہوتا ہے یا نہیں، یہ تب ہی پتہ چلے گا جب ہم آمنے سامنے بیٹھیں گے۔