پشاور: وزیر اعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور نے نسوار پرٹیکس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ غریب لوگ استعمال کرتے ہیں، ٹیکس نہ لگایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورکی زیرصدارت کابینہ اجلاس ہوا ، جس میں بجٹ تجاویز کی منظوری دی جائے گی۔
اجلاس میں بجٹ میں نسوار پر بھی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی تاہم وزیر اعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور نے ٹیکس کی مخالفت کردی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ نسوار غریب لوگ استعمال کرتے ہیں، ٹیکس نہ لگایا جائے۔
خیال رہے خیبرپختونخوا حکومت آج آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے جارہی ہے، بجٹ کا مجموعی حجم پندرہ سے سولہ کھرب کےدرمیان ہوگا۔
بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں دس سےپندرہ فیصد اضافہ ہوگا جبکہ ترقیاتی منصوبوں کیلئےتین سوارب روپےرکھےجائیں گے۔
بجٹ میں بیس فیصد فنڈ بلدیاتی حکومتوں کودینےکی تجویزہے تاہم ضم اضلاع میں کوئی ٹیکس نہیں لگے گا جبکہ آئی ایم ایف کے مجوزہ ٹیکس نظر انداز کردئیے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے مالی سال 25-2024 کے بجٹ کی تجاویز کی دستاویز سامنے آگئی ، جس میں بتایا ہے کہ کےپی بجٹ کے حجم کا تخمینہ 1754 ارب روپے ہے اور بجٹ 100 ارب روپے سرپلس رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
دستاویز میں کہا ہے کہ مجموعی اخراجات کیلئے1654 روپے مختص کرنے، ضم اضلاع کیلئے 144 ارب روپے ، ترقیاتی بجٹ کیلئے 259 ارب روپے، صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے120 ارب روپے، ضم اضلاع کےسالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے36 ارب روپے، ایکسیلریٹڈ امپلی منٹیشن پروگرام کیلئے 79 ارب روپے اور فارن پروگرام اسسٹنس مد میں 130 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔