جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

کرکٹرز کی جرسی کے پیچھے چھپے نمبروں کے راز جانتے ہیں؟ حیران کن انکشافات

اشتہار

حیرت انگیز

کھیلوں کی دنیا میں کھلاڑی ہمیشہ مخصوص نمبر والی جرسی پہنتے ہیں لیکن اس میں بھی کچھ راز سربستہ ہوتے ہیں جو آج ہم آپ کو بتائیں گے۔

فٹبال ہو یا کرکٹ یا پھر ہاکی۔ اس میں شریک ہر کھلاڑی ایک مخصوص نمبر کی جرسی (شرٹ) ہمیشہ کھیل کے دوران پہنتے ہیں اور اکثر تو کئی سالوں پر محیط کیریئر کے دوران یہ نمبر کبھی تبدیل نہیں کرتے۔ کھلاڑیوں کا مخصوص نمبرز کی جرسی پہننے کے پیچھے بھی کچھ راز ہوتے ہیں۔

آج ہم آپ کو کرکٹ کے میدان میں پانچ ایسے موجودہ اور سابقہ بھارتی کھلاڑیوں کے جرسی نمبر کے پیچھے چھپی حقیقت بتائیں گے جس کو جان پر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔

- Advertisement -

ایم ایس دھونی:

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اور کامیاب ترین کپتان ایم ایس دھونی جو اگرچہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں، تاہم وہ آئی پی ایل میں بدستور کھیل رہے ہیں۔

دھونی نے جب تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی تو 7 نمبر کی جرسی استعمال کی، اسی کے ساتھ اب وہ آئی پی ایل میں دو ٹیموں کی نمائندگی کرچکے ہیں لیکن ابتدا سے ہی 7 نمبر کی جرسی استعمال کر رہے ہیں۔

سابق کپتان کی اس جرسی کے پیچھے چھپا راز یہ ہے کہ ان کی پیدائش 7 جولائی کو ہوئی تھی، جب کہ ان کے من پسند فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کا جرسی نمبر بھی 7 ہی ہے۔

روی چندرن ایشون:

بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون کھیل کے میدان میں شائقین کرکٹ کو ہمیشہ 99 نمبر والی جرسی پہنے دکھائی دیتے ہیں۔

تاہم یہ ان کا لکی نمبر نہیں بلکہ لکی نمبر 9 ہے اور ابتدا میں انہوں نے اپنی جرسی پر 9 نمبر ہی لکھوانا چاہا تھا مگر اس نمبر کی جرسی پہلے ہی ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بلے باز برائن لارا استعمال کر رہے تھے اور اس نمبر کی جرسی کوئی دوسرا نہیں پہن سکتا تھا۔

ایشون نے اس کا حل یہ نکالا کہ اپنی جرسی پر 99 نمبر درج کرا لیا جس کو یوں بھی کہا جا سکتا ہے کہ انہوں نے خود کے لیے خوش بختی کی علامت سمجھے جانے والے ہندسے کو دو بار اپنی جرسی پر پرنٹ کروا لیا۔

کلدیپ یادیو:

ایک اور بھارتی اسپنر کلدیپ یادیو ہمیشہ 23 نمبر کی جرسی پہنتے ہیں جس کی وجہ صرف یہ ہے کہ انہیں اپنے بچپن سے ہی آسٹریلوی اسپنر شین وارن پسند تھے اور اسی محبت کی وجہ سے انہوں نے شین وارن کی جرسی نمبر 23 کو اپنی جرسی کے لیے منتخب کیا۔

راہول ڈریوڈ:

سابق بھارتی کپتان اور موجودہ ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے جب کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا تو ان کی جرسی کا نمبر 5 تھا تاہم کچھ عرصے بعد انہوں نے اسے تبدیل کرا کے 19 کرا لیا اور کیریئر کے اختتام تک وہ اسی نمبر کی جرسی زیب تن کرتے رہے۔

اس کی وجہ انہوں نے نہایت دلچسپ بتائی۔ راہول ڈریوڈ نے کہا کہ ان کی اہلیہ کی تاریخ پیدائش 19 ہے، لیکن مصروفیات کے باعث انہیں اپنی بیوی کی سالگرہ یاد نہیں رہتی تھی، اس لیے ان کی پیدائش کی تاریخ کو جرسی کا نمبر بنا لیا تاکہ ہمیشہ ذہن  میں رہے۔

یوراج سنگھ:

سابق بھارتی پاور ہٹر یووراج سنگھ نے اپنے کیریئر کے دوران 12 نمبر کی جرسی ہی پہنی جس کی وجہ ان کی زندگی میں 12 نمبر کے بہت زیادہ دخل کو ہے۔

یوراج سنگھ بھارتی پنجاب کے علاقے چندی گڑھ کے سیکٹر 12 میں سال کے 12 ویں مہینے یعنی دسمبر میں 12 تاریخ کو پیدا ہوئے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں