بھارت کے شہر ممبئی میں ملزم نے نامور کامیڈین کپل شرما کے مقبول شو میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کی شناخت آنند سنگھ کے نام سے ہوئی جس نے 26 سالہ خاتون کو جنسی ہوس کا نشانہ بنایا۔ خاتون کی شکایت پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا۔
پولیس نے بتایا کہ چند روز قبل ملزم اور متاثرہ خاتون کی آن لائن ملاقات ہوئی تھی۔ آنند سنگھ نے خاتون کو یہ کہہ کر دھوکہ دیا کہ اس کے ٹی وی انڈسٹری کی اہم شخصیات سے تعلقات ہیں اور وہ اسے دی کپل شرما شو میں نوکری دلوا سکتا ہے۔
خاتون ملزم کے جھانسے میں آگئی۔ آنند سنگھ نے خاتون سے کہا کہ شو میں کام کرنے کیلیے آڈیشن دینا پڑے گا، اگر آڈیشن اچھا رہا تو وہ اسے کاسٹنگ ڈائریکٹر کے پاس لے جائے گا۔
متاثرہ خاتون آڈیشن دینے کیلیے ملزم کے گھر پہنچی جہاں اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ جب خاتون نے مزاحمت کی تو ملزم نے اس پر تشدد کیا اور دھمکی دی کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
واقعے کے بعد خاتون نے پولیس سے رابطہ کیا اور دفعہ 376 (ریپ)، 506 (دھمکی) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔ بعدازاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقامی عدالت میں پیش کیا جہاں اسے پولیس کی تحویل میں دیا گیا۔