بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کی معذور مداح کو گلے لگانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار شاہ رخ خان کو 22 مئی کو ہیٹ اسٹروک کے باعث احمد آباد اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی معذور مداح سے گفتگو کرنے اور اسے گلے لگانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہ رخ خان مداح سے گفتگو کرکے اسے گلے لگارہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شاہ رخ خان کی ویڈیو کو خوب سراہا جارہا ہے اور صارفین کا کہنا ہے کہ اداکار نے خود بیمار ہونے کے باوجود مداح کو گلے لگا کر دل جیت لیے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شاہ رخ خان انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف اپنی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو سپورٹ کرنے کیلیے نریندر مودی اسٹیڈیم گئے تھے جہاں وہ ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوئے تھے۔
اداکارہ جوہی چاولہ نے سُپر اسٹار کیلیے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ شاہ رخ خان کی طبیعت گزشتہ رات ٹھیک نہیں تھی، لوگوں نے ان کی عیادت کی اور اب وہ کافی بہتر ہیں۔
کام کے محاذ پر شاہ رخ خان، سوجوئے گھوش کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کنگ‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔