جامشورو: صوبہ سندھ کے ضلع میں شدید گرمی کی لہر کے باعث 2 کم عمر بھائی انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق ان دنوں ملک بھر میں شدید گرمی پڑ رہی ہے اور مجموعی درجہ حرارت میں چارسے آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ سامنے آ رہا ہے، اسی گرمی سے 2 کم عمر بھائیوں کی جان لے لی۔
صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو کے نواحی علاقے میں شدید گرمی کے باعث 2 بھائی انتقال کر گئے، انتقال کرنیوالے بچوں کی عمر10 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔
والد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بچے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اچانک بے ہوش ہوگئے تھے، بچوں کو اسپتال لے جایا گیا لیکن پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے۔
دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شدید گرم ہوا لگنے سے بچوں کی طبیعت خراب ہوئی جبکہ پانی کی کمی سے بھی موت ہوسکتی ہے تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد پتہ چلے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان کے بیشتر حصوں میں اس غیر معمولی گرمی کے باعث معمولات زندگی تو شدید متاثر ہو ہی رہے ہیں لیکن اگر آپ کے گھر میں چھوٹے بچے ہیں تو آپ کو ان کا دھیان ایسے میں اور بھی زیادہ رکھنا ہو گا۔
اپنے بچوں کو گرمی کے اثرات سے بچانے کے لیے چند باتوں پرکڑی نظر بھی رکھنا ہو گی تاکہ گرمی کی تھکاوٹ آپ کے جگر گوشوں کو شدید بیمار نہ کر دے۔