سابق بھارتی کرکٹر سریش رائنا نے شاہد آفریدی کے ورلڈ کپ کے سفیر مقرر ہونے پر کی گئی طنزیہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔
یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ بھارتی کرکٹر سریش رائنا اور میں نے کرکٹ کے بہت سے لمحات شیئر کیے ہیں اور وہ ایک اچھا انسان ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری سریش رائنا سے بعض اوقات ہلکی پھلکی بات بھی ہوتی ہے، سوشل میڈیا پر ان کی پوسٹ دیکھنے کے بعد ان سے بات کی اور وہ چھوٹے بھائی کی طرح صورتِ حال کو سمجھے اور پوسٹ ڈیلیٹ کرنے پر راضی ہو گئے۔
تاہم اب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سریش رائنا نے شاہد آفریدی کی درخواست پر پوسٹ ڈیلیٹ کردی ہے۔
’میں سریش رائنا ہوں شاہد آفریدی نہیں‘
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آئی پی ایل کے میچ کی کمنٹری کے دوران کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے رائنا سے سوال کیا تھا کہ کیا ان کا ریٹائرمنٹ واپس لینے کا ارادہ ہے، جس پر رائنا نے طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ میں سریش رائنا ہوں، شاہد آفریدی نہیں۔
اسی دوران آئی سی سی نے جب آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سفیر نامزد کیا تو ایک ایکس صارف نے ٹوئٹ میں رائنا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آئی سی سی نے شاہد آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا سفیر نامزد کیا ہے۔ ہیلو سریش رائنا۔‘‘
اس ٹویٹ کے جواب میں رائنا نے آگ بگولہ ہوتے ہوئے انتہائی طنزیہ انداز میں جواب دیا، "میں آئی سی سی کا سفیر نہیں ہوں، لیکن میرے گھر پر 2011 کا ورلڈ کپ ہے۔ موہالی کا کھیل یاد ہے؟ امید ہے کہ یہ آپ کے لیے کچھ ناقابل فراموش یادیں لے کر آئے گا۔”
بعدازاں صارف نے لکھا کہ شاہد آفریدی کے گھر پر بھی ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی موجود ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے سفیر مقرر ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ 2011 کے ورلڈ کپ میں موہالی کے میچ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف 29 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ اس میچ میں رائنا نے 39 گیندوں پر 36 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔