بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں پولیس تھانے کے انچارج نے چوری کے مقدمے کی تفتیش کا بہانا بنا کر خاتون یوگا ٹرینر کو اسلحے کے زور پر متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ شہر دہرادون میں پیش آیا۔ ملوث پولیس افسر کو معطل کر کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی۔
متاثرہ یوگا ٹرینر نے ملزم کے خلاف راجپور تھانے میں شکایت درج کروائی تھی۔ خاتون نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا کہ میرا شوہر بیرون ملک مقیم ہے، فروری 2023 میں گھریلو ملازمہ نے 20 لاکھ روپے مالیت کے زیورات چرا لیے جس کے خلاف 13 فروری 2023 کو مقدمہ درج کروایا۔
خاتون نے بتایا کہ چوری کے واقعے کی تفتیش تھانہ انچارج ایس آئی منوج بھٹ کے سپرد کی گئی، 17 دسمبر 2023 کو منوج بھٹ مجھے کیس کے سلسلے میں ہائی کورٹ لے جانے کے بہانے نامعلوم مقام پر لے گیا جہاں اس نے ایک کمرے میں بندوق کی نوک پر مجھ سے زیادتی کی۔
انہوں نے بتایا کہ منوج بھٹ اپنا ٹرانسفر ہونے کے باوجود مجھے متعدد بار زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، میں نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ، چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کے دفاتر میں شکایتیں درج کروائیں۔
پولیس افسر ایس ایس پی اجے سنگھ نے کہا کہ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایریا آفیسر پریم نگر رینا راٹھور کی نگرانی میں سب انسپکٹر بھاونا کیس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔