برج ٹاؤن: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے تیسرے میچ میں نمیبیا کو پہلی کامیابی مل گئی، دلچسپ مقابلے کے بعد عمان کو سپر اوور میں شکست دیدی۔
برج ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں عمان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 109 رنز بنائے، نمیبیا کے بالرز کے سامنے عمان کے بیٹرز لڑکھڑا گئے اور پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 109 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
عمان کو پہلے ہی اوور میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا، نمیبیا کے ٹرمپلن نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے میچ کی پہلی گیند پر اوپننگ بیٹر کیشپ پرجاپتی اور دوسری گیند پر کپتان عاقب الیاس کی وکٹ حاصل کرلی۔
عمان کی جانب سے ذیشان مقصود 22، آیان خان 15 اور شکیل احمد 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ خالد کائل 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔
نمیبیا کے روبن ٹرمپلن نے 4، ڈیوڈ ویزے3، گرہارڈ ایراسمس نے 2 اور برنارڈ شولز نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم بھی 6 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا سکی اور یوں میچ کا نتیجہ سپر اوور پر منتقل ہوگیا۔
سپر اوور میں نمیبیا نے عمان کو 22 رنز کا ہدف دیا تھا، عمان کی ٹیم صرف 10 رنز اسکور کرسکی اور نمیبیا کی ٹیم نے پہلی کامیابی سمیٹ لی۔
ویسٹ انڈیز نے نوآموز پاپوانیوگنی کو کرکٹ کا سبق پڑھا دیا
واضح رہے کہ گزشتہ روز ورلڈکپ کے پہلے میچ میں امریکا نے کینیڈا اور دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاپوا نیو گنی کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔