قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے افتخار احمد کے بعد اعظم خان کو بھی نہایت دلچسپ نام دے ڈالا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
اکثر کھلاڑیوں کے درمیان دوستی کافی گہری ہوتی ہے اور وہ میدان یا پریکٹس سیشن میں ایک دوسرے سے چھیڑ چھاڑ بھی کرتے نظر آتے ہیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم امریکا کے خلاف اپنے پہلے میچ کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈیلاس کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں مصروف تھی کہ کیمرے نے بابر اعظم کے الفاظ ریکارڈ کرلیے۔
اعظم خان اپنی بھاری جسامت کی وجہ سے ایک پریکٹس ڈرل ٹھیک طرح سے نہ کرپائے جس کے بعد کپتان بابر نے انھیں پنجابی زبان میں دلچسپ نام سے مخاطب کیا۔
جب پاکستانی وکٹ کیپر پریکٹس ڈرل کو پورا کرنے میں ناکام رہے تو بابر نے ماحول کو خوش گوار رکھنے کے لیے انھیں ازراہ مذاق ’گینڈا‘ کہا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
بابر اعظم اور اعظم خان کی اس ویڈیو پر شائقین کرکٹ مختلف تبصرے کرتے نظر آرہے ہیں کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ کپتان نے وکٹ کیپر بیٹر کو ’باڈی شیمنگ‘ کا نشانہ بنایا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بابر اعظم نے صائم ایوب کو ’چھوٹا ڈان‘ کہہ کر مخاطب کیا تھا جبکہ انھوں نے افتخار احمد کو ایک بار ’چاچا‘ کہہ کر مخاطب کیا تھا جس کے بعد سے اکثر شائقین انھیں اس نک نام سے ہی مخاطب کرتے ہیں۔