جمعرات, جنوری 2, 2025
اشتہار

عدالت نے مسلمان مرد کی ہندو خاتون سے شادی مسلم پرسنل لا کے تحت غلط قرار دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

جبل پور: مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے مسلمان مرد کی ہندو خاتون سے شادی مسلم پرسنل لا کے تحت غلط قرار دے دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی ہائی کورٹ نے مسلمان مرد کی ہندو خاتون سے شادی مسلم پرسنل لا کے تحت غلط قرار دے دی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں اسپیشل میرج ایکٹ 1954 کے تحت بین المذاہب شادی کو رجسٹر کرنے کے لیے پولیس تحفظ کی درخواست کو بھی مسترد کر دیا۔

- Advertisement -

جسٹس گرپال سنگھ نے فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دیے کہ بُت پرست یا آگ کی پوجا کرنے والی ہندو خاتون کی مسلمان مرد کے ساتھ شادی جائز نہیں ہے، اسلام بھی مسلم مرد کو بت پرست خاتون سے شادی کی اجازت نہیں دیتا۔

جسٹس جی ایس اہلووالیا نے جوڑے کی طرف سے پولیس تحفظ کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم قانون کسی مسلمان مرد کی ’’آگ کے پرستار‘‘ کے ساتھ شادی کی اجازت نہیں دیتا۔

صفی خان اور ساریکا سین نے عدالت کو بتایا کہ وہ اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت شادی کرنا چاہتے ہیں، جو دولہا اور دلہن کے عقیدے یا مذہب سے قطع نظر شادیوں کی اجازت دیتا ہے، تاہم اپنے خاندان کی دھمکیوں کی وجہ سے ایسا نہیں کر سکے۔

جوڑے نے یہ بھی کہا کہ وہ مذہب تبدیل نہیں کریں گے، ساریکا ہندو اور صفی مسلمان رہے گا اور ایک دوسرے کے مذہبی طریقوں میں مداخلت نہیں کریں گے۔ دوسری طرف خاتون کے خاندان نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ساریکا خاندانی زیورات اور نقدی لے کر گھر سے فرار ہوئی ہے، اور بین المذاہب شادی انھیں معاشرتی بے راہ روی کی طرف لے جائے گی۔

فریقین کو سننے اور متعلقہ نظیروں کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے کہا کہ ایک مسلمان مرد اور بت پرست عورت کے درمیان شادی کو بے قاعدہ (فاسد) سمجھا جاتا ہے، اور مسلم قانون کے تحت جائز نہیں، اس لیے درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

ادھر الہ آباد ہائی کورٹ نے ایک کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ قانون بین المذاہب جوڑوں کو اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت مذہب تبدیل کیے بغیر شادی کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ وہ بین المذاہب جوڑے جو شادی کے لیے مذہب تبدیل نہ کرنے کا انتخاب کرتے ہیں وہ خصوصی شادی ایکٹ کے تحت اپنی شادی رجسٹر کروا سکتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں