اسلام آباد: رواں سال ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ پاکستان حج مشن 70 ہزار سرکاری عازمین کی میزبانی کرے گا۔
ترجمان مذہبی امور نے اپنے بیان میں بتایا کہ نجی حج کمپنیوں کے ذریعے 90 ہزار کے قریب پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ سرکاری اسکیم کے تحت 214 پروازوں سے 55 ہزار 284 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت 30 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب میں موجود ہیں، فلائٹ آپریشن 9 جون تک جاری رہے گا۔
سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے بتایا کہ 8 لاکھ 96 ہزار 287 عازمین فضائی راستے، 37 ہزار 280 زمینی اور دو ہزار 399 بحری راستے سے مملکت میں داخل ہو چکے۔
دوسری جانب سعودی وزارتِ امور نے عازمینِ کو متنبہ کیا ہے کہ اگر نُسک کارڈ کھویا تو دس ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ وزارت کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج نُسک کارڈ کی حفاظت یقینی بنائیں کیونکہ اس کے گم ہونے کی وجہ سے فریضہ حج میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
گزشتہ ماہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے نُسک حجاج کارڈ کا اجرا کیا تھا جس کا مقصد حج سیزن کیلیے آپریشنل طریقہ کار کی صلاحیت بڑھانا ہے تاکہ حج کو بہت زیادہ آسان بنایا جا سکے اور غیر قانونی طریقے سے حج کرنے کے واقعات کو کم کیا جا سکے۔