امریکی نائب وزیرخارجہ الزبتھ ہورسٹ کی صدر و سی ای او اے آر وائی نیٹ ورک سلمان اقبال سے ملاقات ہوئی جس میں پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ای او اے آر وائی سلمان اقبال اور امریکی نائب وزیر خارجہ الیزبتھ ہورسٹ کی ملاقات میں پاک امریکا اقتصادی تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں اورکرکٹ کے فروغ پر بات چیت ہوئی، امریکی حکومت نے پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات برقرار رکھنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔
امریکی نائب وزیرخارجہ برائے جنوبی ایشیا الیزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیت ہے، نوجوانوں میں توانائی اور تخلیقی آئیڈیاز پاکستان کے امید افزا مستقبل کا ثبوت ہیں۔
الزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ مستحکم پاکستان عالمی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے، امریکا پاکستان میں کسی سیاسی جماعت کے بجائے قومی تعلقات کو ترجیح دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے توانائی کے شعبے میں جدید اور پائیدارحل کی ضرورت ہے، گرین انرجی کی طرف منتقلی سے صارفین کی بڑھتی طلب پوری کی جاسکتی ہے۔
امریکی نائب وزیرخارجہ الیزبتھ ہورسٹ اور سلمان اقبال نے پاکستان میں میڈیا کی ترقی پر بھی گفتگو کی، سلمان اقبال نے پاکستان میں میڈیا کی ترقی، صحافیوں کی تربیت، اسکالر شپس پر امریکا کا شکریہ ادا کیا۔