سوات: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ہمارے لیڈر بانی پی ٹی آئی کو قید کرنے والے میں اگر ہمت ہے تو وہ اپنا نام بتائے۔
جلسے سے خطاب میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایک نظریے اور سوچ کا نام ہے جو کوئی ختم نہیں کر سکتا، جبر کر کے ہمارے لوگوں کو ہمارے خلاف استعمال کیا گیا، ہم خاموش ہیں اور انتظار میں ہیں کہ بانی پی ٹی آئی ہمیں نکلنے کا کہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک کو نقصان دینے والے صرف شخصیات ہیں جن کے فیصلے ملک اور اداروں کی تباہی کر رہے ہیں، جب تک وزیر اعلیٰ ہوں فاٹا ہو یا پاٹا کوئی ٹیکس نہیں لگا سکتا، ہمارا فیصلہ ہماری عوام کرے گی کہیں اور فیصلے نہیں ہوں گے، ملک شخصیات کے فیصلوں پر نہیں آئین پر چلتے ہیں، آئین توڑنے والے سن لیں ایک وقت آئے گا اور ان کو پھانسی پر لٹکائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر کو ایک پرچہ لہرانے پر جیل میں رکھا گیا ہے، اب پتا چلا ہے اس پرچے میں کچھ نہیں تھا، ہمارے لیڈر کو جیل میں جتنے دن رکھا گیا ایک ایک دن کا حساب لیں گے، ہمارے لیڈر کو ایک دن جیل میں رکھنے کے بدلے 200 دن کا حساب لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم حق کیلیے لڑیں گے، مریں گے اور ہر حد تک جائیں گے، صوبے میں ترقی، روزگار اور صحت کا مسئلہ حل کریں گے، عوام ہماری طاقت ہے حق لے کر مسائل حل کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بانی پی ٹی آئی ہمارے درمیان ہوں گے، بہت جلد ہمیں ہمارا مینڈیٹ مل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنا حق لینا اور چھیننا اچھی طرح جانتے ہیں، پختون کے خون پر مزید سمجھوتا نہیں کریں گے، رشوت لینے والے کو نہیں چھوڑیں گے، جنگل کاٹنے والے کے ہاتھ کاٹ دو میں آپ کے ساتھ ہوں۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کام اعلان سے نہیں عملی اقدامات سے ہوتے ہیں، عوامی حکومت میں متحد رہ کر کام کرنا ہے۔