ہفتہ, اکتوبر 19, 2024
اشتہار

جماعت اسلامی نے حکومتِ پنجاب کا متنازع ہتک عزت قانون مسترد کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم حکومتِ پنجاب کے متنازع ہتک عزت قانون کو مسترد کرتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ رات کی تاریکی میں کالے قانون کو منظور کیا گیا، گورنر پنجاب کا اس موقع پر ملک سے باہر جانا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائم مقام گورنر کا بل پر دستخط کرنا آزادی اظہار رائے پر پابندی کے مترادف ہے، مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی سیاہ قانون کی تیاری، منظوری اور عملداری میں برابر کی شریک ہیں۔

- Advertisement -

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور اس کے اعلامیے کے ساتھ کھڑی ہے، کالے قانون کے خلاف پر امن سیاسی و جمہوری مزاحمت کریں گے۔

قبل ازیں، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ملک احمد بھچر نے کہا کہ ہتک عزت بل کی بلی تھیلے سے باہر آ چکی ہے، جمہوری پارٹی کا دعویٰ کرنے والی پیپلز پارٹی کا کردار دیکھ لیں۔

ملک احمد بھچر نے کہا کہ ہتک عزت بل پر عدالت جا رہے ہیں، صحافیوں کے ساتھ ہیں اور ان کے ہر اقدام کی حمایت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں سہولیات سے متعلق جھوٹ بولا جا رہا ہے، 300 یونٹ مفت بجلی کہاں ہے؟ ایئر ایمبولینس بھی ہمارا آئیڈیا تھا۔

قانون کے تحت جھوٹی اور غیر حقیقی خبروں پر ہتک عزت کا کیس ہو سکے گا۔ کسی شخص کی ذاتی زندگی اور عوامی مقام کو نقصان پہنچانے والی خبروں پر کارروائی ہوگی۔ اس کے ساتھ مقدمات کیلیے خصوصی ٹریبونلز قائم ہوں گے جو چھ ماہ میں فیصلہ کریں گے۔

یاد رہے کہ پنجاب حکومت کے ہتک عزت قانون کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ قانون کو آئین سے متصادم اور کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ ہتک عزت قانون بنیادی حقوق اور آئین کے خلاف ہے، قانون کے ذریعے عوام کی زبان بندی کرنے کی کوشش کی گئی ہے، قانون کے ذریعے آزادی اظہار کو ختم کیا جا رہا ہے، قانون حکومت نے عوامی تنقید سے بچنے کے لیے بنایا۔

قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خان نے بل پر دستخط کیے تھے جس کے بعد یہ قانون بن گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں