فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا کہ اسرائیلی فوج کے وسطی غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کیلئے کیے گئے آپریشن میں امریکی شہری سمیت 3 یرغمالی ہلاک ہوگئے۔
عرب میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے نصیرات کیمپ آپریشن کے دوران 4 یرغمالیوں کو رہا کرایا تھا، آپریشن میں وحشیانہ بمباری سے اسرائیلی فوج نے 274 فلسطینیوں شہید کیا۔
القسام بریگیڈز کی جانب سے سماجی رابطوں کی ایپلی کیشن ٹیلی گرام پرجاری کی گئی ایک ویڈیو کہا گیا ہے کہ اسرائیلی یرغمالیوں کو تب تک رہا نہیں کیا جائے گا جب تک ہمارے قیدی آزاد نہیں ہو جاتے۔
عرب میڈیا کے مطابق القسام بریگیڈز نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کیلئے یرغمالیوں کی قسمت کے فیصلے کا وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر بینی گینٹز نے غزہ پر مہینوں سے جاری حملے کے دوران، وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی ہنگامی حکومت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔
گینٹز نے اتوار کو ٹیلی ویژن نیوز کانفرنس میں کہا کہ نیتن یاہو ہمیں حقیقی فتح کی طرف بڑھنے سے روک رہا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم آج ہنگامی حکومت کو ایک بھاری دل کے ساتھ لیکن پورے اعتماد کے ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔
انہوں نے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے انتخابات ہونے چاہئیں جو آخر کار ایک ایسی حکومت قائم کریں جو عوام کا اعتماد جیت سکے اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو۔
”میں نیتن یاہو سے مطالبہ کرتا ہوں: متفقہ انتخابات کی تاریخ طے کریں۔”
امریکا نے سلامتی کونسل سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے ووٹنگ کی درخواست کر دی
گینٹز نے گزشتہ ماہ ہنگامی حکومت چھوڑنے کی دھمکی دی تھی جو غزہ پر جنگ کی نگرانی کے لیے گزشتہ سال تشکیل دی گئی تھی۔