جمعہ, جنوری 24, 2025
اشتہار

سعودی عرب: حج کیلئے ایک ہزار سے زائد شاہی مہمانوں کی مملکت آمد

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، حکومت کی جانب سے عازمین حج کی سہولت کے پیش نظر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

سعودی خبر رساں ادارے سبق نیوز کے مطابق سعودی وزارت اسلامی امور نے خادم حرمین شریفین کے پروگرام کے تحت حج کے لیے آنے والے 9ممالک کے مزید 145 شاہی مہمانوں کو خوش آمدید کہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اب تک 75 ملکوں کے ایک ہزار 75 شاہی مہمان مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔

- Advertisement -

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی دعوت پر دنیا بھر کے 88 ممالک کے 3 ہزار 322 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔

خصوصی دعوت پر پہنچنے والوں میں دو ہزار عازمین فلسطین میں شہید ہونے اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین میں سے ہوں گے جبکہ 22 عازمین سعودی عرب میں علیحدہ ہونے والے سیامی بچوں کے والدین ہوں گے۔

سعودی وزیر اسلامی امور کے مطابق وزارت نے پروگرام کے جنرل سیکرٹریٹ کے ذریعے شاہی فرمان کے نفاذ کے تمام طریقہ کار کو سفارت خانوں اور بیرون ملک وزارت کے مذہبی اتاشیوں کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سال خطبہ حج اردو سمیت 20 بین الاقوامی زبانوں میں نشر کیا جائے گا اور یہ خطبہ دنیا کے ایک ارب سے زائد لوگ سن اور دیکھ سکیں گے۔

خطبہ حج اسمارٹ موبائل فون، حرمین شریفین کی ویب سائٹ اور منارۃ الحرمین پلیٹ فارم کے ذریعے بھی پیش ہوگا۔

اس حوالے سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے امور کے لیے جنرل پریذیڈنسی عرفات کے خطبے کے لیے اب تک کا سب سے بڑا ترجمہ پروجیکٹ شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

حرمین شریفین میں دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے تصدیق کی کہ خطبہ حج کے ترجمے کی تیاریاں مکمل ہیں۔ یہ 20 بین الاقوامی زبانوں میں بیک وقت ڈیجیٹل چینلز، پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے نشر ہوگا۔

سعودی عرب: حج ضوابط کی خلاف ورزی پر مزید 18 افراد کو سزا

ایس پی اے کے مطابق یہ اہم منصوبہ مملکت کے مذہبی روادری، اعتدال اور امن کے پیغام کو اجاگر کرنے،اسلام کی حقیقی تصویر اور اس کی اعلی اقدار کو ظاہر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں