مناسک حج کا آغاز جمعہ 14 جون سے ہو رہا ہے سعودی حکومت دوران حج وبائی امراض کا پتہ لگانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے مقامی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حج سیزن میں وبائی امراض سے نمٹنے اور ان کیسز کی شناخت کے لیے جدید ترین وسائل استعمال کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال روایتی طریقوں سے آسان اور بہتر ہے جس سے امراض کے پھیلاؤ پر قابو پانے اور ان کے علاج میں سہولت ہوتی ہے۔ وبائی امراض کی جلد تشخیص سے اس پر قابو پانا اور اسے پھیلنے سے روکنا آسان ہو جاتا ہے۔
ڈاکٹر العبدالعالی نے کہا کہ وزارت صحت نے حج سیزن میں بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں جس کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ لیبارٹریز اور آلات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ حجاج کو بہتر سے بہتر طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔