امریکی صدرجوبائیڈن کا بیٹا غیرقانونی اسلحہ خریدنے پر مجرم قرار دے دیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 54سالہ ہنٹربائیڈن کیخلاف نشے کی حالت میں اسلحہ خریدنے اور غلط بیانی کے الزامات ہیں جس پر واشنگٹن کی عدالت نے ہنٹربائیڈن کیخلاف تینوں الزامات کو درست قرار دیدیا۔
ولمنگٹن ڈیلاویئر کی وفاقی عدالت میں 12 رکنی جیوری نے منگل کے روز ہنٹر کے خلاف الزامات کو درست پایا۔
جیوری کی جانب سے فیصلہ سنانے کے چند منٹ بعد خاتون اول جل بائیڈن کورٹ ہاؤس پہنچیں اور جب فیصلہ پڑھا گیا تو وہ کمرہ عدالت میں نہیں تھیں۔ ہنٹر بائیڈن خاتون اول اور اپنی اہلیہ کے ساتھ ہاتھ پکڑ کر عدالت سے نکل گئے۔
انہوں نے نامہ نگاروں سے بات نہیں کی اور انتظار میں کھڑے لوگوں سے ملے بغیر چلے گئے۔
عدالت نے ہنٹربائیڈن کو سزا سنانے کیلئے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا تاہم ہنٹربائیڈن کو مقدمے میں 25 برس قید اور ساڑھے7لاکھ ڈالرز جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔