منگل, فروری 4, 2025
اشتہار

امام مسجد کو گھر سے باہر بلا کر قتل کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت میں امام مسجد کو ملزمان نے فون کر کے پہلے گھر سے باہر بلایا اور پھر گولیاں برسا کر قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ریاست اترپردیش کے مراد آباد ضلع کے کٹگھر پولیس اسٹیشن کی حدود بھینسیا گاؤں میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے امام مسجد کو قتل کر دیا جن کی شناخت 36 سالہ مولانا اکرم کے نام سے ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق ان کی لاش قتل کے اگلے روز صبح ان کے گھر  کے قریب ایک ویران مقام سے برآمد ہوئی اور اہل علاقہ نے لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس حکام فوری طور پر وہاں پہنچ گئے اور لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا۔

مقتول امام مسجد 6 بچوں کے باپ تھے اور بیوی بچوں کے ہمراہ مسجد کے قریب ایک مکان میں رہائش پذیر تھے۔

بتایا جاتا ہے کہ ان کی اہلیہ تین بچوں کے ہمراہ چند روز کے لیے میکے گئی ہوئی تھیں جب کہ وہ دیگر تین بچوں کے ہمراہ اپنے گھر میں ہی موجود تھے کہ منگل کی علی الصباح 4 بجے انہیں کسی کا فون آیا جس کو سن کر وہ گھر سے باہر گئے تاہم باہر جاتے ہی پہلے سے موجود افراد انہیں گھسیٹ کر ایک سنسان جگہ لے گئے اور گولی مار کر قتل کر دیا۔

The imam of the mosque was called out of the house on the phone, and was shot in chest and killed

پولیس کے مطابق مولانا اکرم کو بندوق کے ذریعے سینے پر انتہائی قریب سے گولی ماری گئی جس کے نتیجے میں وہ فوری طور پر دم توڑ گئے۔

ایس پی سٹی اکھلیش بھدوریا کے مطابق جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر 312 بور کا پستول پڑا ہوا ملا۔ پولیس نے گاؤں کے لوگوں اور اہل خانہ سے تحقیقات شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ چار روز قبل پرتاپ گڑھ ضلع میں بھی ایک عالم دین مولانا فاروق کو بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔ علمائے دین کے قتل کی بڑھتی وارداتوں پر مسلمانوں میں غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں