اتوار, دسمبر 22, 2024
اشتہار

ساس کو 95 بار چاقو گھونپنے والی بہو کو سزا ہوگئی

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کی عدالت نے ساس کو 95 مرتبہ چاقو گھونپنے والی 24 سالہ بہو کو سزائے موت سنا دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مجرمہ کنچن کول نے 2022 میں 50 سالہ خاتون سروج کول کو تیز دھار آلے سے موت کے گھاٹ اتارا تھا۔

ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر وکاس دویدی نے بتایا کہ کنچن کول کو ریوا کی ایڈیشنل سیشن جج پدما جاٹاو نے سزا سنائی، 12 جولائی 2022 کو نے قتل کیا تھا۔

- Advertisement -

مقتولہ کے بیٹے نے پولیس کو اطلاع دی تھی جبکہ والدہ کو تشویش ناک حالت میں سنجے گاندھی اسپتال منتقل کیا تھا جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئی تھیں۔

وکاس دویدی نے بتایا کہ مقتولہ سروج کول کے شوہر والمک کول کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا لیکن اسے عدم شواہد کی بنیاد پر کیس سے الگ کیا گیا۔

رواں سال مارچ میں ریاست اتر پردیش میں افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں بہو کی پُراسرار موت کے بعد مقتولہ کے والدین نے اس کی ساس اور سسر کو زندہ جلا کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

شہر سنگم میں انشیکا نامی لڑکی کی سسرال میں پُراسرار موت کے بعد اس کے والدین طیش میں آگئے تھے۔ ملزمان نے بیٹی کے سسرال پہنچ کر تمام دروازوں کو باہر سے بند کیا اور پورے گھر کو آگ لگا دی تھی۔

گھر میں آگ لگنے کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر فائر بریگیڈ کی ٹیم کو طلب کیا تھا جس نے گھر کے اندر سے پانچ افراد کو زخمی حالت میں زندہ نکال کر اسپتال منتقل کیا تھا۔

آگ بجھنے کے بعد جب پولیس گھر کے اندر داخل ہوئی تھی تو مقتولہ کی ساس اور سسر کی لاشیں ملی تھی۔انشیکا کی شادی انشو نامی لڑکے سے گزشتہ سال فروری میں ہوئی تھی۔

واقعے سے قبل انشیکا کے والدین کی شکایت پر پولیس نے انشو کے اہل خانہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کی تھی۔ انشیکا کے والدین نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ سسرال میں ان کی بیٹی سے جہیز کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔

پیر کی شام انشو کے والدین نے انشیکا کے گھر والوں فون کر کے بتایا تھا کہ ان کی بیٹی نے دوپہر 3 بجے سے خود کو ایک کمرے میں بند کر لیا اور دروازہ نہیں کھول رہی۔

انشیکا کے والدین نے اس کے سسرال پہنچ کر دروازہ توڑا تو اندر سے اس کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ اس پر انشیکا کے والدین طیش میں آ گئے تھے۔ ملزمان نے بیٹی کو قتل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے گھر کو آگ لگا دی اور انشیکا کی لاش لے کر فرار ہوگئے تھے۔

ملزمان نے گھر میں 7 افراد کو بند کیا اور آگ لگائی جس سے مقتولہ کے ساس اور سسر جھلس کر ہلاک ہوئے تھے۔ پولیس اب تک ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں