آسٹریلیا کے فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے اعتراف کیا ہے کہ انگلینڈ کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے آؤٹ ہونا ہمارے بہترین مفاد میں ہوگا۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کرنے والی آسٹریلیا پہلی ٹیم تھی، کینگروز نے پہلے ہی مقابلے میں انگلش ٹیم کے سامنے 200 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا تھا اور انھیں میچ میں باآسانی شکست دی تھی۔
ایک انٹرویو کے دوران جوش ہیزل ووڈ سے پوچھا گیا کہ کیا آسٹریلیا انگلینڈ کے لیے چیزوں کو ہر ممکن حد تک مشکل بنانے کی کوشش کرے گا، جس پر ہیزل ووڈ کہنا تھا کہ ہاں مجھے ایسا لگتا ہے۔
پیسر کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کے آگے جانے کی صورت میں ممکنہ طور پر دوبارہ ان سے مقابلہ ہوسکتا ہے اور اگر اس ٹیم کا دن ہو تو وہ چند بہترین سائیڈز میں سے ایک ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں ٹی 20 کرکٹ میں ان کے خلاف کافی جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا ہے لہذا اگر ہم انھیں ٹورنامنٹ سے باہر کر سکتے ہیں جو کہ ہمارے بہترین مفاد میں ہے بلکہ شاید یہ دوسری ٹیمیوں کے بھی مفاد میں ہے۔
واضح رہے کہ گروپ بی سے آسٹریلیا کے سپر ایٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے بعد اب پیچھے اسکاٹ لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان اگلے راؤنڈ میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ ہے۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر اسکاٹ لینڈ 5 پوائنٹس کے ساتھ انگلینڈ سے آگے جبکہ انگلش ٹیم محض ایک پوائنٹ کے ساتھ ایلیمنیشن کے خطرے سے دوچار ہے، انگلینڈ کے کسی بھی میچ میں بارش اسے ٹورنامنٹ سے باہر کردیگی۔