کراچی :شرجیل میمن نےسانحہ ٹمبرمارکیٹ پر ایم کیوایم کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کی سختی سے تردید کردی۔
کمشنر ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیراطلاعات وبلدیات شرجیل میمن نے کہا کہ قومی سانحات پرایم کیوایم کوسیاست چمکانے سے گریز کرنا چاہیے، سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سانحہ ٹمبر مارکیٹ کی مکمل تحقیقات کرائی جائے گی اور اس میں جن جن لوگوں کا نقصان ہوا ہے ان کا ازالہ کیا جائے گا۔ سانحہ پر سیاست کرنا کراچی کے عوا م کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے، وزیر اعلیٰ سندھ، مجھ پر اور سندھ حکومت پر الزام تراشیاں کرنے والے خود عوام کو بتائیں کہ وہ کب سانحہ کی جگہ پر پہنچیں ہیں۔
شرجیل میمن نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کی جانب سے کی جانے والی پریس کانفرنس میں لگائے جانے والے تمام الزامات کوبے بنیاد قراردادیتے ہوئے کہا کہ اگر ایم کیو ایم کے الزامات کو تسلیم کرلیں تو وہ ہمیں بتائیں کہ آگ پر کیسے قابو پایا گیا اور اگر سرکاری اور حکومتی مشینری نہیں تھی تو آگ کس نے بجھائی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میرے استعفیٰ دینے سے اگر اداروں کی حالات بہتر ہوجاتی تو اس میں مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن استعفوں کا مطالبہ کرنے والے اس قوم کو بتلائیں کہ جب اسی شہر میں سانحہ 12 مئی رونما ہوا تو کیا وسیم اختر نے استعفیٰ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل ہم نے محکمہ فائر بریگیڈ میں نئے فائر ٹینڈرز کے لئے سوا تین ارب روپے کی رقم مختص کی تھی تاہم اس پر عدالت نے اسٹے آرڈر دے دیا ہے اور اب ہم کراچی کی تنگ اور چھوٹی گلیوں کو دیکھتے ہوئے منی فائر ٹینڈرز خریدنے جارہے ہیں۔