اگر آپ بھی گرمی میں ایسی غلطی کرتے ہیں تو اس سے حتی الامکان گریز کریں ورنہ آپ کی آپ کی گاڑی جل کر راکھ ہوسکتی ہے۔
موسم اتنا گرم ہے کہ پاکستان اور بھارت سمیت برصغیر کے اکثر شہر اس کی لپیٹ میں ہیں، کبھی ایئر کنڈیشنر اور کبی گاڑی میں آگ لگنے کے واقعات سامنے آرہے ہیں، گرمیوں میں لوگ چند ایسی غلطیاں کرتے ہیں جس کی وجہ سے گاڑی میں آگ لگنے کا خطرہ کافی حد تک بڑھ جاتا ہے۔
گاڑی میں کچھ چیزیں اس موسم میں ہرگز نہ بھولیں کیوں کہ یہ انتہائی آتش گیر ہوتی ہیں اور کار جل سکتی ہے، اس فہرست میں پہلی چیز پرفیوم ہے کیوں کہ پرفیوم کی بوتل میں الکحل ہوتی ہے، دوسری چیز ہینڈ سینیٹائزر ہے اور اس میں بھی وافر مقدار میں الکحل موجود ہوتا ہے۔
ہینڈ سینیٹائزر ذرا سی گرمی میں رسنے لگتا ہے اور الکحل ہونے کے سبب ایسی صورت حال میں آگ لگنے کا خدشہ بھی دوچند ہوجاتا ہے۔
لائٹر اور ماچس کی اسٹک جیسی چیزوں کو غلطی سے بھی گاڑی میں نہیں چھوڑنا چاہیے۔ لائٹر میں پیٹرول یا گیس بھری ہوتی ہے اور سورج کی روشنی کی وجہ سے آگ لگنے کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔
اس کے علاہ آپ کبھی بھی اپنی گاڑی میں نیل پالش یا ریموور جیسی چیزوں کو بھی گرم موسم میں نہ چھوڑیں ورنہ گاڑی میں آگ بھڑک سکتی ہے۔