کراچی: ٹمبر مارکیٹ آتشزدگی پر ایم کیوایم نے حکومت سندھ کو آڑے ہاتھوں لے لیا، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن قمر منصور کا کہنا ہے کہ عوام التجا کرتے رہے لیکن حکمران غفلت سے نہ جاگے جبکہ ایم کیوایم نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔
کراچی ٹمبر مارکیٹ میں آتشزدگی نے ایم کیوایم اور پیپلز پارٹی کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا ہے، ناقص امدادی کارروائیوں پر سندھ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عوام مدد کے لیے التجا کرتے رہے ،کراچی رات بھر جلتا رہا لیکن حکومت اور انکے وزراء کا مایوس کن اور مجرمانہ کردار نے حکومت کے گڈ گورننس کا پول کھول دیا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ واقعے نے ثابت کردیا کہ کراچی کا کوئی والی وارث نہیں ،انھوں نے مطالبہ کیا کہ 90 فیصد اضافی نقصان وزیراعلیٰ سندھ برداشت کریں۔
قمر منصور نے کہا کہ صوبائی ڈسسزاٹر مینجمنٹ سیل اور بلدیاتی نظام کا نہ ہونا اور صوبائی بجٹ اپنی عیاشیوں اور کرپشن میں استعمال کرنے والے اگر کام کرتے تو یہ سانحہ نہ ہوتا۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ وزیرِاعظم فوری بلدیاتی انتخابات کرائیں اور وزیرِاعلی اور وزراء کی بے حسی کا نوٹس لیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ ستر فیصد ریونیو دینا والا شہر مرکز کو ٹیکس دینا بند کردے۔