ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک میچ میں ہیلمٹ نے بنگلہ دیشی اوپنر تنزید حسین کو سنگین حادثے سے جب کہ بیٹر نے کمال ہوشیاری سے خود کو آؤٹ ہونے سے بچا لیا۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نے گزشتہ روز ہالینڈ کو شکست دے کر سپر 8 مرحلے میں جانے کی راہ ہموار کر لی تاہم اسی میچ میں بنگلہ اوپنر تنزید حسین ایک سنگین حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئے تاہم اس موقع پر انہوں نے کمال ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو آؤٹ ہونے سے بھی بچا لیا۔
کرکٹ کا کھیل اپنی سنسنی خیزی کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے، تاہم اس کھیل میں بعض اوقات ایسے سنگین حادثات پیش آتے ہیں جس کھلاڑیوں کی زندگی کے لیے خطرہ بن جاتے ہیں اور بعض اوقات انتہائی دلچسپ واقعات بھی رونما ہو جاتے ہیں جس میں کھلاڑی چالاکی کا مظاہرہ کرے اپنی وکٹ بچا جاتے ہیں۔
گزشتہ روز کنگسٹن میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں بھی ایسا ہی ایک لمحہ آیا جب بنگلہ دیشی اوپنر تنزید حسین جہاں اپنے ہیلمٹ کی وجہ سے تیز رفتار باؤنسر سے زخمی ہونے سے بال بال بچے وہیں انہوں نے اپنی وکٹ ضائع ہونے سے بھی بچالی۔
میچ میں ہالینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو بیٹنگ کرائی۔ ہالینڈ کے بولر ویوین کنگما اننگ کا تیسرا اوور کرا رہے تھے اور انہوں نے پانچویں بال باؤنسر کی اور گیند انتہائی تیز رفتاری سے بنگلہ اوپنر کے ہیلمٹ کی جالی میں بالکل آنکھ کے قریب آکر پھنس گئی۔ اگر ہیلمٹ نہ ہوتا تو تنزید کی آنکھ کو شدید خطرہ لاحق ہوجاتا اور چہرہ بھی زخمی ہوتا۔
اس گیند سے قبل کنگما اپنے اوور کی ابتدائی چار گیندوں پر 14 رنز دے چکے تھے اور بلے باز کے جارحانہ شاٹ سے بچنے کے لیے انہوں ںے پانچویں گیند پر باؤنسر پھینکنے کا فیصلہ کیا جو تیز رفتاری سے قدرے زیادہ بلند ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز رفتار باؤنسر ان کے جسم تقریباً 134 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹکرایا تاہم خوش قسمتی سے گیند ہیلمٹ کی جالی میں پھنس گئی اور وہ زخمی ہونے سے محفوظ رہے، جب ری پلے دکھایا گیا تو گیند غیر معمولی طور پر زیادہ باؤنس ہوئی تھی۔
تاہم اس کا ایک دوسرا پہلو بھی ہے۔ واقعہ ہوتے ہی بیٹر نے فوری طور پر اپنا ہیلمٹ اتارا اور گیند سمیت زمین پر رکھ دیا۔ دوسری جانب میڈیکل ٹیم بھی ان کا طبی معائنہ کرنے کے لیے فوری طور پر گراؤنڈ میں پہنچ گئی۔
اس حوالے سے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے تنزید حسین نے کہا کہ میرا خیال تھا کہ بولر نے جو باؤنسر کرایا ہے وہ اوپر اٹھ کر نکل جائے گی لیکن غیر متوقع طور پر وہ میرے چہرے کے سامنے ہیلمٹ کی جالی میں پھنس گئی۔ اس موقع پر میرا خیال گزرا کہ کہیں کوئی فیلڈر آکر گیند نہ لپک لے اور آؤٹ کی اپیل کر دے اسی لیے میں نے فوری طور پر ہیلمٹ اتار کر گیند کو پہلے زمین سے ٹکرایا پھر اس سمیت گراؤنڈ پر رکھ دیا تاکہ کوئی آؤٹ کی اپیل نہ ہو سکے۔
بنگلہ اوپنر نے اس میچ میں 26 گیندوں پر 35 رنز کی اننگ کھیلی، جس میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔ بنگلہ دیش نے اس جیت کے ساتھ ہی سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کی امیدوں کو برقرار رکھا ہے۔