فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں پانی کے تقریباً تمام کنویں تباہ کر کے رہائشیوں کو پانی سے محروم کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پانی کی کمی کے باعث غزہ میں قحط کے حالات مزید خراب ہوگئے۔ فلسطینیوں کو پانی کی کمی، پناہ گاہوں اور خوراک کی کمی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔
صیہونی قابض ریاست کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے جہاں تازہ کارروائی میں تین گھروں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں 28 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اسرائیل کے 8 ماہ سے جاری حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 37 ہزار 296 جبکہ زخمی فلسطینیوں کی تعداد 85 ہزار 197 ہوگئی۔
قسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ میں دو اسرائیلی اسیران مارے گئے جبکہ جی سیون ممالک کا کہنا ہے کہ یو این آر ڈبلیو اے کو غزہ میں بلا روک ٹوک کام کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔