پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ سے ہی باہر ہوگیا آل راؤنڈر عماد وسیم نے روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ میں شکست کی ذمے داری قبول کرلی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سابق عالمی چیمپئن پاکستان کا سفر تمام ہوچکا اور گرین شرٹس آج آئرلینڈ کے خلاف رسمی میچ کھیل کر خالی ہاتھ وطن واپس لوٹ آئیں گے۔
گروپ اے میں شامل پاکستان کو ابتدائی میچ میں امریکا سے اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا، پھر روایتی حریف بھارت کے خلاف جیتا ہوا میچ ہار گئے جس نے قومی کرکٹ کے سفر کو بریک لگایا جب کہ آئرلینڈ اور امریکا کا میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث اگر مگر کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔
روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستانی بولرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری بلو شرٹس کو 119 رنز پر میدان بدر کر دیا تھا تاہم بلے بازوں نے بولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا اور جیتا ہوا میچ 6 رنز سے ہار بیٹھے۔
آئرلینڈ سے رسمی مقابلے سے قبل پری میچ کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی آل راؤنڈر عماد وسیم نے روایتی حریف کے خلاف شکست کی ذمے داری قبول کر لی اور کہا کہ نیویارک میں بھارت کے خلاف میچ میں شکست کا ذمے دار خود کو قرار دیتا ہوں۔
عماد وسیم نے کہا کہ ہماری ناکامیوں کی وجہ ہماری ذہنیت ہے، دیگر ٹیمیں نئی سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں لیکن ہم پیچھے رہ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیویارک کی پچز مشکل تھیں لیکن ہمیں جیت حاصل کرنی چاہیے تھی۔ فلوریڈا میں امریکا اور آئرلیںڈ کا اہم میچ بارش کی نذر ہوا لیکن اسکا الزام آئی سی سی پر نہیں لگا سکتے۔ ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کی ضرورت ہے، لیکن یہ میرا ڈومین نہیں۔