ہفتہ, ستمبر 28, 2024
اشتہار

بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ : بلوچستان کے نئے مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا ، جس میں ملازمین کی تنخواہوں میں وفاق کی طرز پر اضافہ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے نئے مالی سال کا بجٹ آج شام 4بجے پیش ہوگا ، بجٹ کا کل حجم 800 ارب روپے سے زائد ہونے کا امکان ہے۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گورنر بلوچستان نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس کل شام 4 بجے طلب کرلیا، جس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کریں گے۔

- Advertisement -

ذرائع محکمہ خزانہ نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے لیے سرپلس بجٹ پیش کیا جارہا ہے،این ایف سی ایوارڈ کے تحت بلوچستان کو وفاق سے 667ارب 55کروڑ روپے ملیں گے، قابل تقسیم محاصل سے بلوچستان کی آمدنی کاتخمینہ 647ارب 70کروڑ روپے ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس ،تیل پر رائیلٹیز سےبراہ راست بلوچستان کو 20ارب 55 کروڑ روپے ملیں گے، رواں مالی سال کے مقابلے بلوچستان کو وفاق سے آئندہ مالی سال15ارب 32کروڑ روپے زیادہ ملیں گے۔

محکمہ خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ صوبائی محصولات سے بلوچستان کے وسائل سے آمدنی کا تخمینہ 120 ارب روپے سے زائد ہوگا جبکہ ریکوڈک سے بلوچستان کو ڈھائی ارب روپے ملے ہیں اور پاکستان پیٹرولیم نے 57 ارب کے بقایا جات اقساط میں دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان صوبائی کا بجٹ کا حجم 850 ارب روپے سے زائد ہوگا، ترقیاتی منصوبوں کیلئے 190 ارب سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم ،صحت کے شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے، تعلیم کیلئے 100ارب روپے سے زائد ،صحت کیلئے 61 ارب روپے مختص ہونے کاامکان ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ 25 فیصد اضافے کیساتھ محکمہ تعلیم کا بجٹ 120 ارب روپے سے زائد ہوگا اور بچوں کو اسکولوں میں لانے کیلئے 2ارب روپے مختص کیےجارہے ہیں جبکہ 10فیصداضافے کیساتھ محکمہ صحت کیلئے67 ارب روپے مختص کئے جارہے ہیں ۔

وفاقی طرز پر گریڈ 1تا16ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیاجارہا ہے جبکہ گریڈ 17 سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے اور پنشن کی مد میں 15 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے۔

زرعی ٹیوب ویلوں کو بجلی سے شمسی توانائی پرمنتقلی کیلئے10ارب روپے مختص کیئے جارہے ہیں جبکہ یونیورسٹیز کی گرانٹ کو ڈھائی ارب سے بڑھاکر 5ارب روپے کیا جارہا ہے۔

بجٹ پر 24 اور 25 جون کو بحث ہوگی جبکہ 29 جون کو بجٹ کی ایوان سے منظوری لی جائے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں